November 17, 2026

سکھر پریس کلب میں ویژن فار ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی پریس کانفرنس

Screenshot_2026-03-04_182809

سکھر پریس کلب میں ویژن فار ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی پریس کانفرنس
پاکستان میں 45 لاکھ افراد بینائی سے محروم، آگاہی اور بروقت علاج ناگزیر قرار

سکھر (بیورورپورٹ)ویژن فار ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر ناطم راجانی اور کیپٹن (ر) ابرار حسین نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں بینائی سے محروم افراد کی تعداد تقریباً 45 لاکھ ہے، جن میں ساڑھے چار لاکھ بچے شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نابینائی کی شرح میں اضافہ تشویشناک ہے اور بروقت تشخیص اور علاج نہ ہونے کی صورت میں صورتحال مزید سنگین ہو سکتی ہے۔ناطـم راجانی نے بتایا کہ بینائی متاثر ہونے کی چند بنیادی وجوہات درج ذیل ہیں کمزور نظر کے باوجود چشمہ استعمال نہ کرنا
موتیا (کٹرکٹ) کا بروقت آپریشن نہ کرانا ذیابیطس (شوگر) کے مریضوں کا آنکھوں کا باقاعدہ معائنہ نہ کروانا جینیاتی (موروثی) امراض
آنکھ پر چوٹ یا انفیکشن، خصوصاً کارنیا کو نقصان
انہوں نے کہا کہ اگر موتیا کا بروقت آپریشن نہ کیا جائے تو 90 فیصد کیسز میں بینائی ضائع ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔ اسی طرح ذیابیطس کے مریض اگر آنکھوں کا باقاعدہ معائنہ نہ کروائیں تو وہ مستقل نابینائی کا شکار ہو سکتے ہیں۔ڈائریکٹر ویژن فار ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مطابق سکھر ریجن میں جینیاتی بنیادوں پر نابینائی کے کیسز نسبتاً زیادہ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ روہڑی کے علاقے روشن آباد میں ایک خاندان کے 28 افراد جینیاتی قرنیہ (کارنیا) بیماری کے باعث بینائی سے محروم پائے گئے۔ اسی طرح پنو عاقل میں ایک خاندان کے 30 سے زائد افراد موروثی بیماری کے باعث متاثر ہوئے، جن میں بعض بچے چار سال کی عمر کے بعد بینائی کھو دیتے ہیں۔انہوں نے واضح کیا کہ بعض جینیاتی امراض کا تاحال کوئی مؤثر علاج دستیاب نہیں، تاہم معاون آلات کے ذریعے متاثرہ افراد کی مدد کی جا سکتی ہے۔ناطـم راجانی نے کہا کہ اندرونِ خاندان شادیوں (کزن میرج) کے باعث جینیاتی امراض منتقل ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔ یہ ضروری نہیں کہ بیماری اگلی نسل میں ہی منتقل ہو، بلکہ تیسری یا چوتھی نسل میں بھی ظاہر ہو سکتی ہے۔ اس حوالے سے آگاہی نہایت ضروری ہے۔آنکھوں کی اسکریننگ اور مفت سہولیات ادارے کی جانب سے سرکاری اسکولوں میں بچوں کی آنکھوں کی اسکریننگ کی جاتی ہے۔انفیکشن کی صورت میں مفت ادویات فراہم کی جاتی ہیں۔کمزور نظر کے شکار بچوں کو حسبِ ضرورت عینک فراہم کی جاتی ہے۔پیچیدہ امراض کی صورت میں مکمل تشخیص اور سرجری کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔ادارہ سرجری کے بعد کم از کم چھ ماہ تک مریض اور والدین کے ساتھ رابطے میں رہتا ہے، ادویات، فالو اپ اور ہسپتال تک آمد و رفت کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔کارنیا ٹرانسپلانٹ میں 91 فیصد کامیابی ناطـم راجانی کے مطابق ادارہ 2012 سے قرنیہ (کارنیا) ٹرانسپلانٹ پر کام کر رہا ہے اور اب تک ساڑھے پانچ سو سے زائد افراد کی پیوندکاری کروا چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ کووڈ کے بعد کیے گئے سروے میں معلوم ہوا کہ 40 فیصد مریضوں کی بینائی دوبارہ متاثر ہوئی، جس کی بڑی وجہ فالو اپ میں کمی اور مہنگی ادویات تھیں۔ اس کے بعد ادارے نے طریقہ کار میں تبدیلی کی اور اب سندھ کے 18 ہسپتالوں میں مقامی سطح پر سرجری کروائی جاتی ہے تاکہ مریضوں کو فالو اپ میں آسانی ہو۔ان کے مطابق اس وقت کارنیا ٹرانسپلانٹ کی کامیابی کی شرح 91 فیصد ہے، جو عالمی معیار (90 فیصد) کے مساوی ہے۔ادارے نے گزشتہ سال سکھر کے چلڈرن ہسپتال میں بچوں کے لیے خصوصی آئی ڈائگناسٹک سینٹر قائم کیا ہے، جہاں:بچوں کی آنکھوں کا مکمل معائنہ۔سرجری کی سہولت
فالو اپ کی مکمل نگرانی
کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔پریس کانفرنس میں آنکھوں کی حفاظت سے متعلق چند اہم نکات بھی اجاگر کیے گئے کھیتوں میں کام کے دوران آنکھوں کو چوٹ سے بچائیں۔ویلڈنگ کے وقت حفاظتی چشمہ لازمی استعمال کریں۔موٹر سائیکل چلاتے وقت ہیلمٹ پہنیں۔دھوپ میں سن گلاسز کا استعمال کریں کیونکہ یہ الٹرا وائلٹ شعاعوں سے آنکھوں کو محفوظ رکھتے ہیں۔ناطـم راجانی نے کہا کہ پاکستان میں کارنیا ڈونیشن کا رجحان کم ہے، جس کے باعث بعض اوقات بیرون ملک سے قرنیہ منگوانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قانون اور شرعی تقاضوں کے مطابق اعضاء عطیہ کرنا جائز ہے۔ انہوں نے عوام اور میڈیا نمائندگان سے اپیل کی کہ وہ اعضاء عطیہ کرنے کے حوالے سے اپنے خاندانوں سے مشاورت کریں اور اس شعور کو فروغ دیں۔آخر میں انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ آنکھوں کی صحت سے متعلق آگاہی مہم میں کردار ادا کرے تاکہ عوام بروقت معائنہ اور علاج کی طرف راغب ہوں اور قابلِ علاج نابینائی سے بچا جا سکے۔