گمبٹ گمس اسپتال میں گردوں اور جگر کی مفت پیوند کاری رپورٹ عبید شیخ
گمبٹ گمس اسپتال میں گردوں اور جگر کی مفت پیوند کاری
رپورٹ عبید شیخ
دکھی انسانیت کی خدمت اور اسے علاج معالجے کی سہولیات کی آسان فراہمی ایک عظیم کارخیر ہے، جو اس کارِخیر کو خود پر لازم تصور کرتے ہوئے مرکزی کردار اور خدمات ادا کرتے ہیں یقیناً وہ تعریف کے حقدار بھی ہیں۔ ملک میں کئی ایسی مثالیں ہیں جو لائق تحسین ہونے کے ساتھ ساتھ قابلِ تقلید بھی ہیں۔ ایسی ہی ایک مثال ضلع خیرپور میرس کی تحصیل گمبٹ میں واقع ہے۔
گمبٹ ایک مکمل طبی شہر بن چکا ہے جو ضلع خیرپور، سندھ میں واقع ہے اور انتظامی اعتبارسے ایک تحصیل کا درجہ رکھتا ہے۔ گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل اینڈ ہیلتھ سائنسز اسپتال اپنی نوعیت کا جدید ترین اسپتال ہے جو علاج کی آس لگائے، بھاری اخراجات کے باعث زندگی سے دور ہوتے ہزاروں مریضوں کےلیے زندگی کی نوید ہے۔ یہاں جگر کی پیوند کاری کی مفت سہولت سے لے کر کئی مہنگے ترین امراض کے مفت علاج کی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ پاکستان میں اعضاء کی ناکارگی (آرگن فیلیور) کے باعث ہر سال ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد ایسے مریض جان سے گزر جاتے ہیں جن کا علاج اعضاء کی پیوندکاری سے ہی ممکن ہوتا ہے۔ ایسے مریضوں کے لیے گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) امید کی ایک ایسی کرن جو مسیحا کی تلاش میں نکلنے والوں کو راستہ دکھا رہی ہے۔ گمس کی حدود میں بہترین جمنگ کی سہولیات کے ساتھ ساتھ حفظانِ صحت کے اصولوں پر قائم بہترین کینٹین آنے والوں کو خوش آمدید کہتی نظر آتی ہے، جبکہ لائبریری کو بھی بیش بہا کتابوں اور ٹیکنالوجی سے مرصع کیا گیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ مریضوں اور اُن کے اہل خانہ کےلیے پارک، جیم اور آڈیٹوریم بھی اس ادارے کی جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعمیر کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔
گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز جسے پیر سید قادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، ایسے مریضوں کےلیے دارالامان کا درجہ رکھتا ہے جن کے پاس علاج معالجے کی سکت نہ ہونے سے گویا زندگی کی آس ہی ٹوٹ گئی تھی۔ گمس کے سربراہ ڈاکٹررحیم بخش ہیں جنہوں نے 44 برس قبل 2 کمروں پر مشتمل ڈسپنسری سے ابتداء کرتے ہوئے، اپنی جانفشاں ٹیم سے مل کر نہ صرف 1000 بستروں والے جدید ہسپتال میں تبدیل کردیا بلکہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے رجسٹرڈ میڈیکل کالج کا درجہ دلوا دیا۔
گمبٹ اسپتال میں گردوں اور جگر کی مفت پیوند کاری
جس آپریشن پر 60 لاکھ سے ایک کروڑ روپے تک خرچ ہوتے ہیں وہ اپنی تمام سہولیات سمیت یہاں مفت میں کیا جاتا ہے
ایسے مریضوں کے لیے جن کا علاج پیوند کاری ہی سے ممکن ہے، گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (گمس) امید کی ایک کرن ہے جو مسیحا کی تلاش میں نکلنے والوں کو راستہ دکھا رہی ہے۔
میڈیکل سائنس کے شعبے میں ہونے والی حیرت انگیز ترقی کے باعث جو بیماریاں ماضی میں لاعلاج سمجھی جاتی تھیں، اب ان کا بھی علاج دستیاب ہے۔ جگر، دل، بون میرو اور گردوں کی پیوندکاری اب ایک عام علاج ہے لیکن اس قسم کی بیماریوں کے علاج اس قدر مہنگے ہیں کہ ایک غریب آدمی ہی نہیں بلکہ مڈل کلاس کا کوئی مریض تک اس قسم کے مہنگے علاج کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتا۔ البتہ مشکل ہی سے یقین آتا ہے کہ جس آپریشن پر 60 لاکھ سے ایک کروڑ روپے کا خرچ آتا ہے وہ آپریشن اور اس سے متعلق تمام سہولتیں ایک چھوٹے سے علاقے کے ایک اسپتال میں مفت فراہم کی جا رہی ہیں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی مکمل حمایت اور سندھ حکومت کے ہر ممکنہ تعاون سے گمس کے لیے جدید ترین مشینری درآمد کی گئیں جو ایشیائی اور عرب ممالک میں کہیں نہیں۔
گمس میں جنرل میڈیسن کے علاوہ سرجریز، ڈائیلیسس، انجیوگرافی، انجیو پلاسٹی، بائی پاس، ہڈی کے گودے کی پیوند کاری، بون میرو ٹرانسپلانٹ سمیت، بچوں اور خواتین کی بیماریوں کے تمام آپریشنز مفت کیے جاتے ہیں جبکہ مرض کی تشخیص کےلیے گمس کے پاس اپنی جدید مشینریاں موجود ہیں۔ اس کے علاوہ ٹیسٹ بھی مفت کیے جاتے ہیں، نومولود بچوں کےلیے وینٹی لیٹرز، اینکیوبیٹرز اور ایڈوانس آئی سی یو بھی موجود ہیں
گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سندھ میں جگر کی پیوندکاری کا نہ صرف پہلا بلکہ واحد مرکز بھی ہے۔ یہاں جگر کی پیوندکاری مفت کی جاتی ہے اور مریض سے کوئی پیسہ نہیں لیا جاتا جبکہ پڑوسی ممالک میں جگر کی پیوندکاری پر 80 لاکھ سے ایک کروڑ روپیہ خرچہ آتا ہے۔ جگر کی پیوندگاری سے پہلے جو جگر کے میڈیکل ٹیسٹ کیے جاتے ہیں، ان کا بھی انتظام گمس میں باقاعدہ بین الاقوامی طرز کی طرح ہوتا ہے ۔ ضلع خیرپور کی ایک خاموش تحصیل، جوکہ سب ایک مکمل میڈیکل سٹی بن گیا ہے اس انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ملحقہ علاقوں سمیت دور دراز مقامات سے مریض علاج کی غرض سے آتے ہیں جنہیں بغیر کسی فیس کے مفت علاج کی سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔
ماہر سرجن، ڈاکٹرز، پیرامیڈیکس اور معاون عملے کی ٹیم سے سندھ کے اس دوردراز علاقے میں قائم اسپتال کو 2007 میں انسٹی ٹیوٹ جبکہ 2013 میں ڈگری دینے والے ادارے کا درجہ ملا۔ گمس میں کلاسز کا اجراء 2023 میں ہوچکا ہے جبکہ انسٹی ٹیوٹ میں خطے کا جدید ترین اینیمل ہاؤس اور ٹری پلانٹس بھی قائم کیے گئے ہیں جہاں آنے والے دور میں زیر تعلیم طلبا و طالبات کو ریسرچ کے جدید مواقع فراہم کیئے گئے ہیں۔
ڈسپنسری سے تعلقہ اسپتال، اسپتال سے انسٹیٹیوٹ پھر میڈیکل کالج، اور پھر ایک مکمل میڈیکل سٹی تک کا یہ سفر برسوں پر محیط ہے لیکن اگر کہا جائے کہ اس کی تکمیل اور جدید طرز اور ایک خواب جسکو حقیقی سہرا پہنایا گیا ہے اس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور سندھ حکومت کا کردار قابل تعریف ہے۔
آئیے سید قادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے مزید شعبوں اور کارکردگی پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔ یہاں مفت طبی سہولیات میں آرگن ٹرانسپلانٹ کے علاوہ ایڈوانس سرجریز جیسے کہ لیور ٹرانسپلانٹ، کڈنی ٹرانسپلانٹ، کورنیئل ٹرانسپلانٹ، انجیوپلاسٹی، انجیوگرافی، اوپن ہارٹ سرجری، آرتھوپیڈک سرجریز اور جنرل سرجریز بھی شامل ہیں۔ اس کے علاوہ گمس میں تمام اقسام کی آؤٹ پیشنٹ سروسز بھی فراہم کی جارہی ہیں جن میں ڈائیلیسس، رینل ٹرانسپلانٹ، ٹراما سینٹر، برنس سینٹر، آئی سی یو، این آئی سی یو، سی سی یو، زچہ و بچہ کی نگہداشت کا سینٹر، اسٹروک کیس مینجمنٹ وارڈ، فزیوتھراپی اینڈ ری ہیبی لٹیشن سروسز، ریڈیالوجی (ایم آر آئی، سی ٹی اسکیننگ، ڈیجیٹل ایکس رے)، الٹراساؤنڈ، ایڈوانسڈ ڈائیگنوسٹک اینڈ ریسرچ لیبارٹریز، بلڈ بینک سروسز، ہاسپٹل فار میس، ویکسی نیشن سروسز، 24 گھنٹے اسٹینڈ بائی ایمبولینس سروسز اور لانڈری سروسز کے ساتھ ساتھ مستقبل قریب میں ہیپاٹو بیلیاری ڈیپارٹمنٹ، کینسر اسپتال، نرسنگ اسکول، اور متعدد پوسٹ گریجویٹ پروگرامز بھی موجود ہیں۔
غرض پیر سید قادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز یا گمز اسپتال حکومت سندھ کی بھرپور معاونت سے فلاح انسانیت میں پیش پیش ہے۔ اسے بحیثیت ادارہ آپ کی ضرورت ہے تاکہ ”علاج سب کےلیے” کا نعرہ ہر گھر، ہر دہلیز تک ایک حقیقت کی صورت پہنچے؛ اور کوئی مجبور فرد بھی پیسہ نہ ہونے کی وجہ سے زندگی کی جنگ ہار نہ جائے۔
گمبٹ ہسپتال میں اب تک تقریباً 1100 سے زائد ٹرانسپلانٹ کیے جا چکے ہیں جس میں کامیابی کا تناسب 90 فیصد سے زیادہ ہے۔
گمس کے ڈائریکٹر کیپٹن ریٹائرڈ ڈاکٹر رحیم بخش بھٹی مزید بتاتے ہیں جب ’میں گمبٹ میں آیا تو بس ایک ہی جنون تھا کہ کچھ ایسا کرنا ہے جس سے ملک کے لوگوں کو فائدہ پہنچ سکے۔‘
’جب میں کہتا کہ یہاں دنیا کا جدید ہسپتال بناؤں گا تو لوگ ہنستے تھے۔ مگر میں کہتا کہ ارادہ مضبوط ہو تو سب کچھ ہو سکتا ہے۔‘
ڈاکٹر رحیم بخش کو سب سے پہلے اس وقت اس خواب کی تکمیل میں مدد ملی جب سنہ 1988 میں سابق سینیٹر پیر آف گمبٹ محمد شاہ نے زمین اور فنڈز مہیا کیے۔
اس فنڈ سے آغاز کرنے کے بعد ڈاکٹر رحیم بخش نے اور دروازے کھٹکھٹانا شروع کیے۔
’میں صبح کراچی نکل جاتا تھا، وہاں گمبٹ کی کارکردگی دکھاتا اور اس وقت تک نہیں اٹھتا تھا جب تک وہ مزید فنڈز جاری نہیں کر دیتے تھے۔‘
پہلے یہ میڈیکل کالج اور ہسپتال بنا اوراب یہ پانچ انسانی عضواء کی پیوندکاری کا جدید ترین مرکز ہے جس کا آغاز 2016 میں سندھ حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کے بعد کیا گیا تھا۔
ڈاکٹر رحیم بخش کہتے ہیں کہ ٹرانسپلانٹ کا آغاز انھوں نے ایک جرمن ٹیم کی مدد سے کیا تھا جس کے دو سال کام کے دوران آپریشن تھیڑ اور وارڈ بنوائے گئے اور ان کے ساتھ پاکستانی ڈاکٹرز کو تربیت دلوائی گئی۔
دو سال بعد جب وہ واپس گئے تو ہمارے پاس ماہر ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم تیار ہو چکی تھی۔ ہمیں باہر سے کسی کی مدد کی ضرورت نہیں رہی۔
ڈاکٹر رحیم بخش کہتے ہیں کہ ہسپتال آج بھی سندھ حکومت کے فنڈز پر چلتا ہے مگر چاروں صوبوں، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان اور اس کے علاؤہ افغانستان تک سے مریض آتے ہیں جن میں سے ضرورت مندوں سے کوئی فیس نہیں لی جاتی۔
ڈاکٹر رحیم بخش کہتے ہیں کہ ’میں ایک چھوٹا آدمی ہوں۔ خود کو کبھی بھی بڑا نہیں سمجھا۔ بس کچھ اچھا کرنے کی خواہش تھی جس کے لیے صرف محنت، ایمانداری اور خلوص کو اپنا شعار بنایا ہے۔ اگر پاکستان کے دوسرے صوبہ کے ڈاکٹر بھی ایسا کرنا شروع کر دیں تو ان کو بھی بہت کامیابیاں ملیں گی۔