خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) سابق امیر جماعت اسلامی ضلع خوشاب ایڈووکیٹ محمد وارث جسرا نے
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) سابق امیر جماعت اسلامی ضلع خوشاب ایڈووکیٹ محمد وارث جسرا نے کہا ہے کہ ماہِ مقدس رمضان رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کا مہینہ ہے جو مسلمانوں کو تقویٰ، صبر اور ہمدردی کا درس دیتا ہے۔ وہ پیلووینس میں عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک تزکیۂ نفس اور احتساب کا بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ روزہ صرف بھوک اور پیاس کا نام نہیں بلکہ یہ عملی تربیت کا ایک جامع نظام ہے جو انسان میں برداشت، نظم و ضبط اور احساسِ ذمہ داری پیدا کرتا ہے۔
ایڈووکیٹ محمد وارث جسرا نے کہا کہ اس بابرکت مہینے میں ہمیں زیادہ سے زیادہ عبادات، تلاوتِ قرآن پاک اور ذکر و اذکار کا اہتمام کرنا چاہیے۔ انہوں نے صاحبِ حیثیت افراد پر زور دیا کہ وہ غریب اور مستحق خاندانوں کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ معاشرے میں اخوت اور بھائی چارے کو فروغ مل سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک ہمیں سچائی، دیانت اور انصاف کی راہ اختیار کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ اگر ہم اس مہینے کی حقیقی روح کو سمجھ کر اپنی زندگیوں میں نافذ کریں تو معاشرہ امن و سکون اور محبت کا گہوارہ بن سکتا ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں رمضان المبارک کی برکتوں سے بھرپور استفادہ کرنے اور اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے مطابق ڈھالنے کی توفیق عطا فرمائے۔