میلسی (بیو رو چیف و ہا ڑ ی )سٹی پریس کلب رجسٹرڈ میلسی کے عہدیداران اور اراکین نے ادبی و
میلسی (بیو رو چیف و ہا ڑ ی )سٹی پریس کلب رجسٹرڈ میلسی کے عہدیداران اور اراکین نے ادبی و سماجی شخصیت، عالمی شہرت یافتہ شاعر ندیم خان بھابھہ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر ندیم خان بھابھہ کی جانب سے پرتکلف افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا۔یہ بابرکت محفل محض افطار تک محدود نہ رہی بلکہ علم و ادب، صحافت اور سماجی ذمہ داریوں پر ایک بامقصد نشست میں تبدیل ہو گئی۔ افطار کے بعد دورانِ گفتگو ندیم خان بھابھہ نے نوجوان صحافیوں کو نہایت مفید اور بصیرت افروز مشورے دیے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں شعبہ صحافت تنزلی کا شکار ہے اور یہ نوجوان صحافیوں کے لیے ایک چیلنج بھی ہے اور موقع بھی کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ خدمات سے اس شعبے کو دوبارہ اس کے اصل مقام تک لے جائیں۔اس موقع پر سینئر صحافی میاں محمد جاوید عزیز نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ اصل لطف تب آتا ہے جب کسی تنزلی کا شکار شعبے کو اختیار کر کے اس کی کمزوریوں پر غور کیا جائے اور اپنی صلاحیتوں کے ذریعے اسے دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن کیا جائے۔ جس پر ندیم خان بھابھہ نے ان کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے ہی مثبت سوچ رکھنے والے افراد صحافت کا مستقبل سنوار سکتے ہیں۔ندیم خان بھابھہ نے مزید کہا کہ آج صحافت محض خبر رسانی کا نام نہیں رہی بلکہ یہ معاشرتی اصلاح، حق گوئی اور عوامی شعور بیدار کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ بن چکی ہے۔ اگر نوجوان صحافی دیانت داری، غیر جانبداری اور تحقیق کے اصولوں کو اپنائیں تو وہ معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سچائی اور اخلاقیات کو ہمیشہ مقدم رکھا جائے کیونکہ قلم کی طاقت تلوار سے کہیں زیادہ مؤثر ہوتی ہے۔ ایک ذمہ دار صحافی قوم کی رہنمائی کرتا ہے اور معاشرتی مسائل کو اجاگر کر کے اصلاح کی راہیں ہموار کرتا ہے۔اس ادبی و صحافتی نشست میں صدر قیصر ممتاز خیرپوری ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری رانا عرفان احمد، سینئر نائب صدر محمد بشیر چوہان، احسن الطاف صدیقی، میاں بلال نظامی، میاں محمد جاوید عزیز، مہار قسور حسین، محمد اسلم، سیف الرحمن، خاور حیات، محمد عامر قریشی، فہد بشیر چوہان اور دیگر معزز اراکین نے شرکت کی۔تقریب نہایت خوشگوار، باوقار اور دوستانہ ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صحافت کو مثبت، باوقار اور تعمیری انداز میں فروغ دیا جائے گا تاکہ معاشرے میں شعور، ہم آہنگی اور بہتری کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ محفل اس حقیقت کی عکاس تھی کہ ادب اور صحافت کا امتزاج معاشرتی تعمیر و ترقی میں سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے