خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور
خوشاب (راجہ نورالہی عاطف سے) ممبر قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان نے وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے عوام دوست اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوءے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ملک کو معاشی استحکام کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے سنجیدہ اور ٹھوس فیصلے کر رہی ہے، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف صوبے میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کروا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی میں کمی، اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو یقینی بنانے، صحت و تعلیم کے شعبوں میں اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل جیسے اقدامات سے عوام کو براہِ راست فائدہ پہنچ رہا ہے۔
ملک شاکر بشیر اعوان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے رمضان المبارک اور دیگر مواقع پر عوامی ریلیف پیکجز، سستے بازاروں کے قیام اور بنیادی سہولیات کی بہتری کے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا وژن عام آدمی کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنا ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ قیادت کی شبانہ روز کاوشوں سے ملک ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن ہے اور عوام کا اعتماد حکومت کی پالیسیوں پر مضبوط ہو رہا ہے۔ ممبر قومی اسمبلی نے عزم ظاہر کیا کہ وہ اپنے حلقہ انتخاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں گے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔