November 17, 2026

سکھر: پیر مسافر کے مکینوں کا تین افراد کے قتل اور مبینہ پولیس زیادتیوں کے خلاف احتجاج، شفاف انکوائری کا مطالبہ

IMG-20260302-WA0146

سکھر: پیر مسافر کے مکینوں کا تین افراد کے قتل اور مبینہ پولیس زیادتیوں کے خلاف احتجاج، شفاف انکوائری کا مطالبہ

سکھر(بیورورپورٹ)سکھر پریس کلب کے سامنے سکھر کے علاقے پنوعاقل کچے کے گاؤں پیر مسافر سے تعلق رکھنے والے مہر برادری کے مرد و خواتین نے مبینہ ظلم و زیادتیوں، تین افراد کے قتل اور جھوٹے مقدمات کے اندراج کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اعلیٰ حکام سے فوری اور شفاف انکوائری کرا کے تحفظ و انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔احتجاج کی قیادت غلام قادر مہر، مائی بسراں، مائی زوبیداں اور مائی عزیزاں کر رہے تھے۔ اس موقع پر مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کا بااثر مہر برادری سے تعلق رکھنے والے ملزمان سے تقریباً بیس سال سے تنازع چلا آرہا ہے۔ ان کے مطابق جوابدار نظیر مہر، بشیر مہر اور محمد حسن مہر عرف جونو سمیت دیگر افراد پولیس کو مختلف مقدمات میں مطلوب ہیں، مگر بااثر ہونے کے باعث قانون کی گرفت سے باہر ہیں۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ تقریباً دس سال قبل ملزمان نے ان کے بھتیجے قربان مہر کو مبینہ طور پر بے دردی سے قتل کر دیا اور مال مویشی لوٹ کر فرار ہو گئے۔ واقعے کا مقدمہ متعلقہ تھانے کھڈہری میں درج کرایا گیا، تاہم پولیس کارروائی کے باوجود کوئی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک سال بعد دوبارہ حملہ کر کے ان کے دوسرے بھتیجے عبدالرحمان مہر کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا گیا، جو معجزانہ طور پر بچ گیا۔ اس واقعے کا مقدمہ بھی درج ہوا مگر ملزمان گرفتار نہ ہو سکے۔
مظاہرین کے مطابق ملزمان آئے روز ان کے گھروں اور راستوں میں فائرنگ کر کے خوف و ہراس پھیلاتے رہے۔ انصاف نہ ملنے پر انہوں نے عدالت سے رجوع کیا، جس کے بعد مبینہ طور پر چار ماہ قبل شمس الدین مہر کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کئی بار آپریشن کیے مگر کوئی خاطر خواہ نتیجہ برآمد نہ ہو سکا۔مظاہرین نے مزید الزام لگایا کہ چار روز قبل پولیس نے دوبارہ ملزمان کے علاقے میں آپریشن کرتے ہوئے گھروں کو نذرِ آتش کیا اور ڈرون کے ذریعے کارروائی کی، جس کے نتیجے میں ایک بچی جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہو گئے۔ ان کا دعویٰ ہے کہ اس واقعے کا جھوٹا مقدمہ ان پر درج کر کے انہیں ہی قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، حالانکہ جانی و مالی نقصان ان کا ہوا ہے۔
احتجاج کے شرکاء نے چیف جسٹس آف پاکستان، وزیرِاعلیٰ سندھ، وزیر داخلہ سندھ، آئی جی سندھ، ڈی آئی جی سکھر اور ایس ایس پی سکھر سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی غیر جانبدار اور شفاف انکوائری کرا کے اصل حقائق سامنے لائے جائیں، ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے اور متاثرہ خاندانوں کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے۔مظاہرین نے خبردار کیا کہ اگر انہیں انصاف اور تحفظ فراہم نہ کیا گیا تو وہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرنے پر مجبور ہوں گے۔