November 17, 2026

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر میں ایران پر مبینہ حملے اور رہبرِ معظم آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے

IMG-20260301-WA0223

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر میں ایران پر مبینہ حملے اور رہبرِ معظم آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی شہادت کے خلاف مختلف شیعہ تنظیموں اور مجلس وحدت المسلمین پاکستان کی جانب سے یومِ سوگ منایا گیا۔ اس موقع پر سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور اسے عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایران پر حملہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ پورے خطے کے امن و استحکام کو متاثر کرنے کی سازش ہے۔احتجاجی دھرنے کے دوران رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ شرکاء نے شہید آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای کی تصاویر اپنے سینوں سے لگا رکھی تھیں اور سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے۔مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہبرِ معظم کی جدوجہد امتِ مسلمہ کے اتحاد اور استقامت کی علامت تھی اور ان کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔مظاہرین نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر عالمی طاقتیں خاموش رہیں تو خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔دھرنا پرامن طور پر جاری رہا جبکہ سیکیورٹی کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر موجود رہی۔ انتظامیہ کی جانب سے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا انتظام کیا گیا تھا۔یومِ سوگ کے اختتام پر شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے دعا کی گئی اور شرکاء پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔