سکھر(بیورورپورٹ)سول ڈیفنس کے عالمی دن کے موقع پر ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس سکھر ڈاکٹر سعید
سکھر(بیورورپورٹ)سول ڈیفنس کے عالمی دن کے موقع پر ڈپٹی چیف وارڈن سول ڈیفنس سکھر ڈاکٹر سعید اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں سول ڈیفنس کا محکمہ شدید نظراندازی کا شکار ہے اور وزارتِ داخلہ کے ماتحت ہونے کے باوجود اس کی حالت یتیموں سے بھی بدتر بنا دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سانحہ گل پلازہ کراچی سمیت کئی بڑے حادثات رونما ہو چکے ہیں، مگر اس کے باوجود سول ڈیفنس کی اہمیت کو سنجیدگی سے نہیں لیا جا رہا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں سول ڈیفنس وارڈن سروس نہ ہونے کے برابر رہ گئی ہے، حالانکہ ہنگامی حالات، آتشزدگی، قدرتی آفات اور دیگر حادثات میں عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے سول ڈیفنس کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ عالمی دن کے موقع پر وہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے معرکۂ حق کے بعد پنجاب میں سول ڈیفنس کو منظم انداز میں فعال کیا، خاطر خواہ فنڈز جاری کیے اور پنجاب مددگار 1124 جیسی ایمرجنسی سہولت سول ڈیفنس کے حوالے کی، جو ایک قابلِ تقلید اقدام ہے۔میئر و چیف وارڈن سکھر شیخ اسلام الدین کے دور سول ڈیفنس سکھر وارڈن سروس پاکستان میں صف اول کی وارڈن سروس تھی لیکن میئر و چیف وارڈن بیریسٹر ارسلان اسلام شیخ کی سول ڈیفنس وارڈن سروس پر توجہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت سول ڈیفنس وارڈن سروس سے خدمات تو حاصل کرتی ہے مگر فنڈز اور وسائل کی فراہمی کے معاملے میں صورتحال انتہائی مایوس کن ہے۔ سانحہ گل پلازہ کراچی کے بعد فائر سیفٹی ایس او پیز پر سکھر میں صرف 20 فیصد عملدرآمد بھی اگر ہوا ہے تو یہ سول ڈیفنس وارڈن سروس کی مسلسل کوششوں کا نتیجہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سکھر میں بعض گورنمنٹ محکمے، تجارتی مراکز اور بڑی عمارتیں منتخب نمائندوں کی سرپرستی میں حفاظتی قوانین کو نظرانداز کر رہی ہیں، جو کسی بڑے سانحے کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام سرکاری اداروں، کاروباری مراکز اور بلند عمارتوں میں فائر سیفٹی ایس او پیز اور سول ڈیفنس رولز پر عمل درآمد لازمی بنایا جائے تاکہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔ڈاکٹر سعید اعوان نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ کے بعد سول ڈیفنس وارڈن سروس نے اپنی مدد آپ کے تحت سکھر بھر میں سینکڑوں تربیتی ورکشاپس منعقد کیں، جو ایک ریکارڈ ہے اور اس کا مقصد عوام میں آگاہی اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی صلاحیت پیدا کرنا ہے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ یہ شہر ہم سب کا ہے اور شہریوں کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، لہٰذا فائر سیفٹی اقدامات اور سول ڈیفنس قوانین پر عمل درآمد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔اج عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری سے درخواست کرتا ہوں کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے سول ڈیفنس ایک بہترین ادارہ ہے اس کو پنجاب کی طرح فعال کیا جائے اس حوالے سول ڈیفنس وارڈن سروس آپ کے ساتھ ہے۔خطے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے سول ڈیفنس کی فعالیت لازمی ہے سول ڈیفنس افواج پاکستان کا ہراول دستہ ہے جنگ اور امن کے زمانے میں اس کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں ہے