سکھر میں ایران پر حملے اور رہبرِ معظم کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام یومِ سوگ
سکھر میں ایران پر حملے اور رہبرِ معظم کی شہادت کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام یومِ سوگ
سکھر (بیورو رپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان ماہرین نیوز ایچ ڈی چینل): سکھر میں ایران پر مبینہ حملے اور رہبرِ معظم سید علی خامنہ ای کی شہادت کے خلاف مختلف شیعہ تنظیموں اور مجلس وحدت مسلمین پاکستان ضلع سکھر کی جانب سے یومِ سوگ منایا گیا۔ اس موقع پر سکھر پریس کلب کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا، جس میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
مظاہرین نے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ایران پر حملہ نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے بلکہ یہ پورے خطے کے امن اور استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہے۔
احتجاجی دھرنے کے دوران شرکاء نے شہید رہبر کی تصاویر سینوں سے لگائیں اور سیاہ پرچم اٹھا رکھے تھے۔ مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رہبرِ معظم کی جدوجہد امتِ مسلمہ کے اتحاد اور استقامت کی علامت تھی اور ان کی قربانی کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔
مظاہرین نے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس واقعے کا نوٹس لے کر ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عالمی طاقتیں خاموش رہیں تو خطے میں کشیدگی مزید بڑھ سکتی ہے۔
احتجاجی دھرنے کی قیادت صوبائی رہنما چوہدری اظہر حسن، مولانا سید مٹھل شاہ نقوی، مولانا سید یوسف رضا کاظمی، ضلعی صدر محسن سجاد اتراء ایڈووکیٹ، سید جواد شاہ نقوی، سید کاشف شاہ نقوی، زوہیب کلوڑ، سید کاظم شاہ اور دیگر نے کی۔
دھرنا پرامن طور پر جاری رہا اور سیکیورٹی کے پیش نظر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ انتظامیہ نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل راستوں کا انتظام کیا تھا۔
یومِ سوگ کے اختتام پر شہداء کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی گئی اور شرکاء پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔