سکھر میں ینگ وومن ایمپاورمنٹ کانفرنس، خواتین کو قیادت کے مواقع فراہم کرنے کا عزم
سکھر میں ینگ وومن ایمپاورمنٹ کانفرنس، خواتین کو قیادت کے مواقع فراہم کرنے کا عزم
نوجوان خواتین کے لیے ڈیجیٹل اور کاروباری مہارتیں سکھانے کا پروگرام
سکھر(بیورورپورٹ)ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز، اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ، حکومت سندھ کے زیر اہتمام گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول بیریج کالونی سکھر میں “ینگ وومن ایمپاورمنٹ کانفرنس” کا انعقاد کیا گیا۔ یہ پروگرام صوبائی وزیر کھیل و امورِ نوجوانان سردار محمد بخش خان مہر کے وژن اور سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ منور علی مہیسر کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں منعقد کیا گیا۔ کانفرنس کا باوقار آغاز تلاوتِ کلامِ پاک کی پُرنور صداؤں سے ہوا، جس کے بعد قومی ترانہ پیش کیا گیا۔ شرکاء نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ کھڑے ہوکر وطنِ عزیز سے اپنی والہانہ محبت اور قومی یکجہتی کے عزم کا اظہار کیا، جس سے تقریب کا ماحول جذبۂ حب الوطنی اور وقار سے معطر ہوگیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز رضوان علی ملاح نے مہمانانِ خصوصی اور شرکاءِ کانفرنس کا پُرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اپنے بصیرت افروز خطاب میں پروگرام کے اغراض و مقاصد کو نہایت جامع انداز میں اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ نوجوان خواتین کو بااختیار بنانا محض ایک سماجی تقاضا نہیں بلکہ قومی ترقی کی ناگزیر ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ یوتھ افیئرز نوجوان نسل، خصوصاً طالبات کو قیادت، ڈیجیٹل مہارتوں اور خودروزگاری کے مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گا، تاکہ وہ مستقبل کی معمار بن کر معاشرے میں مثبت اور مؤثر کردار ادا کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا دراصل ایک مضبوط، باوقار اور ترقی یافتہ معاشرے کی تشکیل کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم، پیشہ ورانہ مہارتوں اور خوداعتمادی سے آراستہ نوجوان خواتین ہی پاکستان کے روشن اور مستحکم مستقبل کی ضامن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ نوجوان طالبات کو قیادت، ڈیجیٹل جدت اور معاشی خودکفالت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور عملی اقدامات کر رہی ہے، تاکہ وہ ہر شعبۂ زندگی میں نمایاں مقام حاصل کر کے قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرسکیں۔ تقریب سے معروف مقررین شفق شہزاد، سمیع اللہ مہر اور ڈاکٹر اقرا احمد نے پُراثر اور حوصلہ افزا خطابات کرتے ہوئے نوجوان خواتین کو کامیابی کی عملی مثالیں پیش کیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل مہارتیں، جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی، کاروباری ذہن سازی (انٹرپرینیورشپ) اور مالی خودمختاری آج کے دور کی ناگزیر تقاضے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ مسابقتی ماحول میں صرف ڈگری نہیں بلکہ مہارت، تخلیقی سوچ اور مضبوط خوداعتمادی ہی کامیابی کی اصل کنجی ہیں۔ انہوں نے نوجوان طالبات کو ترغیب دی کہ وہ روایتی حدود سے نکل کر جدت، تحقیق اور کاروباری میدان میں قدم رکھیں، اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں اور معاشی طور پر خودمختار بن کر نہ صرف اپنی زندگی سنواریں بلکہ قومی معیشت کو بھی مستحکم بنانے میں فعال کردار ادا کریں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ بااختیار خواتین ہی ایک متوازن، خوشحال اور ترقی یافتہ معاشرے کی ضامن ہوتی ہیں۔ ٹی ای او جاوید احمد قریشی، ٹی ای او (فیمیل) مس رخسانہ اور جاوید احمد لند، میڈیا کوآرڈینیٹر، ڈائریکٹر اسکول ایجوکیشن آفس سکھر نے بھی کانفرنس میں شرکت کی اور اس مثبت اور دور اندیش اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی سرگرمیاں طالبات میں شعور، اعتماد اور قیادت کی صلاحیتیں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے محکمہ یوتھ افیئرز کی کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی ادارے بھی نوجوان خواتین کی ہمہ جہت ترقی کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھیں گے. تقریب کے اختتام پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر یوتھ افیئرز رضوان علی ملاح نے مہمان مقررین میں یادگاری شیلڈز اور تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز سندھ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ صوبے بھر میں نوجوان خواتین کو مساوی مواقع، پیشہ ورانہ رہنمائی، جدید مہارتوں کی تربیت اور درکار وسائل کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، تاکہ وہ بااعتماد قیادت کے ساتھ قومی ترقی کے سفر میں مؤثر اور نمایاں کردار ادا کرسکیں۔ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز، اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ، حکومتِ سندھ کے ترجمان کے مطابق نوجوان خواتین کو بااختیار بنانا حکومت کی اسٹریٹجک ترجیحات میں سرِفہرست ہے۔صوبائی سطح پر قیادت سازی، ہنر مندی، ڈیجیٹل تعلیم اور کاروباری مواقع کی فراہمی کے لیے منظم اور نتیجہ خیز اقدامات جاری ہیں تاکہ نوجوان طالبات عملی میدان میں خود کو منوا سکیں۔محکمہ کے مطابق یہ کانفرنس محض ایک تقریب نہیں بلکہ ایک جامع وژن کا عملی اظہار ہے، جس کا مقصد نوجوان خواتین میں خوداعتمادی، فیصلہ سازی کی صلاحیت اور سماجی ذمہ داری کا شعور پیدا کرنا ہے، تاکہ وہ قومی ترقی کے سفر میں فعال شراکت دار بن کر ایک مضبوط، روشن اور باوقار معاشرے کی تشکیل میں نمایاں کردار ادا کرسکیں۔