حب رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کے صدر اور فوکل
حب رپورٹ ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف
پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حب کے صدر اور فوکل پرسن، ترجمان آصف علی زرداری برائے بلوچستان، میر علی حسن زہری کے قریبی ساتھی جناب شریف پالاری نے اپنے اہم پیغام میں کہا ہے کہ پی بی 21 حب میں ریکاؤنٹنگ کے عمل کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال میں ہم نے ہمیشہ کی طرح عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی، آئینی اور جمہوری طریقے سے جدوجہد کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک انتخابی مرحلہ نہیں تھا بلکہ عوام کے حقِ رائے دہی اور اعتماد کی حفاظت کی ایک بڑی ذمہ داری تھی جسے کارکنان نے بھرپور انداز میں نبھایا۔
شریف پالاری نے کہا کہ مسلسل تین دن سے زائد عرصے تک کارکنان، عہدیداران اور عوام الناس دن رات 24 گھنٹے کیمپ پر موجود رہے اور ثابت کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ایک عوامی جماعت ہے جس کی اصل طاقت اس کے کارکن اور عوام ہیں۔ انہوں نے تمام کارکنان، قبائلی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور ہر اس فرد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مشکل وقت میں ثابت قدمی، اتحاد اور بہادری کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے خصوصی طور پر موندرہ یکجہتی کونسل اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما مولانا یعقوب ساسولی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حمایت اور یکجہتی نے اس جدوجہد کو مزید مضبوط بنایا۔ انہوں نے کہا کہ موندرہ یکجہتی کونسل نے عوامی اتحاد کی بہترین مثال قائم کی جبکہ مولانا یعقوب ساسولی اور ان کے ساتھی ہر مرحلے پر ہمارے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے رہے اور حق و جمہوریت کی آواز کو تقویت دی۔
شریف پالاری نے مزید کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک فرد کی نہیں بلکہ پورے ضلع حب کے عوام کی جیت ہے جنہوں نے ثابت کیا کہ وہ اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے متحد اور بیدار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم آئندہ بھی عوامی خدمت، قانون و آئین کی بالادستی اور جمہوری اقدار کے فروغ کے لیے اسی جذبے کے ساتھ کام کرتے رہیں گے اور کسی بھی دباؤ یا رکاوٹ کو عوام کے حق پر غالب نہیں آنے دیں گے۔
آخر میں انہوں نے تمام کارکنان اور عوام کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ہمت، وفاداری اور قربانیاں ہی ہماری اصل طاقت اور سرمایہ ہیں اور یہی اتحاد ہمیں ہر امتحان میں سرخرو کرتا رہے گا۔