سکھر(بیورورپورٹ)سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سرپرستِ اعلیٰ وقار محمود خان، FPCCI
سکھر(بیورورپورٹ)سکھر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سرپرستِ اعلیٰ وقار محمود خان، FPCCI کے نائب صدر و سندھ ریجنل چیئرمین بلال وقار خان، سکھر ایوان کے صدر محمد خالد کاکیزئی، سینئر نائب صدر امیت کمار، نائب صدر ملک محمد اویس رئیس، کنوینر ایف بی آر کمیٹی انجینئر عبد الفتاح شیخ و دیگر عہدیداران نے وفاقی آئینی عدالت کی جانب سے ٹیکس دہندہ کے خلاف بغیر کیس کے چھاپہ غیر قانونی ہونے کی دلیل مسترد کیے جانے اور ٹیکس حکام کو اضافی اختیارات دیے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیان کے مطابق ان اختیارات کے تحت ٹیکس افسران بغیر عدالتی اجازت کسی بھی وقت اور کسی بھی مقام پر چھاپہ مارنے، ٹیکس دہندہ کے کمپیوٹر، دستاویزات اور اکاؤنٹس کو تحویل میں لینے کے مجاز ہوں گے، جس سے کاروباری برادری میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ چیمبر کی قیادت نے کہا کہ اس نوعیت کے غیر معمولی اور غیر متوازن اختیارات کا نفاذ نہ صرف کاروباری خودمختاری میں براہِ راست مداخلت ہے بلکہ اس سے کمرشل سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوں گی، جس کے منفی اثرات ملکی معاشی و اقتصادی ترقی پر مرتب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کاروباری ڈھانچہ پہلے ہی جائز و ناجائز اخراجات کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے اور ایسے قوانین کے نفاذ سے بدعنوانی کے امکانات میں اضافہ ہوگا اور رشوت کا بازار گرم ہوجائے گا ۔سکھر چیمبر نے صدرِ پاکستان ، وزیرِاعظم ، وزیرِ خزانہ اور متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر اداروں کو پابند بنایا جائے کہ بغیر پیشگی نوٹس کسی بھی کاروباری مقام پر داخل نہ ہوں اور کاروباری سرگرمیوں پر غیر ضروری دباؤ پیدا نہ کیا جائے۔ کاروباری برادری کا مؤقف ہے کہ معیشت اسی صورت مستحکم ہو سکتی ہے جب قانون کی عملداری شفاف، متوازن اور کاروبار دوست ہو، اور حکومتی اقدامات سے اعتماد کی فضا قائم رہے۔