سکھر: سکھر پولیس کا شاہ بیلو کچے میں مہر گینگ کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن، ملزمان کی پناہ گاہیں مسمار
سکھر: سکھر پولیس کا شاہ بیلو کچے میں مہر گینگ کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن، ملزمان کی پناہ گاہیں مسمار
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر پولیس نے ضلع سکھر کے شاہ بیلو کچے کے علاقے میں جرائم پیشہ افراد اور ڈاکوؤں کے خلاف ایک بڑا ٹارگیٹڈ آپریشن شروع کیا ہے۔ یہ کارروائی ایس ایس پی سکھر اظہر خان کی ہدایات پر کی جا رہی ہے اور اس کا بنیادی ہدف مہر گینگ کے ٹھکانوں کو تباہ کرنا ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق، آپریشن کے دوران کچے اور پکے علاقوں کی طرف جانے والے تمام اہم راستوں کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ ملزمان کی محفوظ پناہ گاہوں اور ٹھکانوں کو مسمار کر کے انہیں نذر آتش کیا جا رہا ہے تاکہ انہیں دوبارہ استعمال کرنے سے روکا جا سکے۔آپریشن میں بھاری نفری شریک ہے جس میں بکتر بند گاڑیاں، جدید ہتھیاروں سے لیس دستے اور دیگر جدید مشینری شامل ہیں۔ ایس ایس پی سکھر اظہر خان نے خود آپریشن کی نگرانی کر رہے ہیں اور کہا ہے کہ یہ کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک علاقے سے جرائم پیشہ افراد کی مکمل کلیئرنس نہ ہو جائے اور مطلوب ملزمان گرفتار یا سرینڈر نہ کر دیں۔یہ آپریشن تین روز قبل تھانہ کھڈھڑی کی حدود میں پیش آنے والے ایک سنگین واقعے کے تناظر میں شروع کیا گیا ہے۔ مہر اور جتوئی برادریوں کے درمیان چلتی آ رہی خونی تکرار کے باعث مہر برادری کے افراد نے جتوئی برادری کے ایک شخص کو قتل کر دیا جبکہ ایک کو شدید زخمی کر کے فرار ہو گئے تھے۔ اس واقعے نے علاقے میں امن و امان کی صورتحال کو مزید خراب کر دیا تھا جس کے نتیجے میں پولیس نے سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا۔
ایس ایس پی اظہر خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “یہ کوئی قبائلی تکرار کا معاملہ نہیں بلکہ خالصتاً قانون شکنی اور جرائم کی صورت ہے۔ ہمارا مقصد علاقے کو جرائم سے پاک کرنا ہے۔ مطلوب افراد یا تو خود کو قانون کے حوالے کریں یا پولیس ان تک ضرور پہنچے گی۔”سکھر پولیس نے خبردار کیا ہے کہ آپریشن کے دوران کسی بھی قسم کی مزاحمت برداشت نہیں کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سختی سے نمٹا جائے گا۔ علاقے کے عوام سے بھی اپیل کی گئی ہے کہ وہ پولیس کا تعاون کریں اور جرائم پیشہ افراد کو پناہ نہ دیں۔یہ آپریشن سکھر رینج میں جاری وسیع پیمانے پر کچے علاقوں میں ڈاکوؤں کے خلاف کارروائیوں کا حصہ ہے جس میں حالیہ دنوں میں متعدد ڈاکوؤں کی گرفتاریاں اور سرینڈر بھی سامنے آئے ہیں۔پولیس کا کہنا ہے کہ یہ سلسلہ جاری رہے گا جب تک کچے کے علاقوں میں امن قائم نہ ہو جائے۔