November 17, 2026

آخری کمرہ بھی اب خالی ہے

Screenshot_2026-02-26_033143

آخری کمرہ بھی اب خالی ہے
میں ظہور احمد جب ماں کی آغوش میں آیا تو ماں اپنی زندگی کی سینتیس بہاریں دیکھ چکی تھی. پہلے پانچ بیٹوں کو قبر میں اتار چکی تھی, چھٹی اولاد میرا بھای نوراحمد مجھ سے دوسال بڑا تھا. گاوں والے بتاتے ہیں کہ نور احمد کی پیدائش تک ماں موت سے اتنی زیادہ آشنا ہو چکی تھی کہ اس نے گھر کے دروازے کے ساتھ ساتھ اپنے دل اور دماغ کے دروازے بھی موت کے فرشتے کے لیے وا کر رکھے تھے وہ روزانہ صبح اٹھ کر بجاے اپنے بچے اور گھر کے کام کاج کے موت کے فرشتے کا انتظار شروع کر دیتی تھی. کتنا مشکل ہے ناں، بلا ناغہ اینویں ہی موت کے فرشتے کا انتظار کرنا، تو میرا بڑا بھائی زیادہ تر بھوکا پیاسا بے یارو مددگار بستر پہ پڑا ماں کی کھوج میں ادھر سے ادھر نظریں دوڑاتا دوڑاتا ایک سال کا ہو گیا اور جب اس نے چلنا اور بولنا شروع کیا تو مانو ایک چمتکار ہو گیا، ماں جیسے مٹی کی مورت سے جیتا جاگتا انسان بن گیی. ماں جو اپنے پانچ نو مولود بچوں کو دو دو، تین تین ماہ کی عمر میں قبر میں اتار چکی تھی اور جس کے گھر آنگن میں پچھلے پندرہ سال سے موت کے مستقل ڈیرے تھے، دونوں میاں بیوی ایک عجب قسم کے خوف میں مبتلا تھے گھر کے کونے کونے میں سہم تھا، درد تھا روگ تھے، سوگ تھے مگر جب پندرہ سال بعد ننھے نور احمد کی کلکاریاں گھر میں گونجیں اور وہ پاوں پاوں چلتا ہوا پنج وقت کے نمازی اور تہجد گزار باپ کے پاس پہنچ گیا تو ماں باپ دونوں کی خوشی دیدنی تھی انھیں لگا ان کے درد کم ہو گیے ہیں اللہ پاک نے ان کی سن لی ہے وہ جو پچھلے کیی سالوں سے بیٹوں کو قبرستان میں چھوڑ آتے تھے اب ان کے لیے بھی اللہ پاک نے ایک جیتا جاگتا کھلونا بھیج دیا ہے. دو سال بعد میرے آنے تک والدین کافی حد تک نارمل ہو چکے تھے اور ماں نے میرے لاڈ بڑے ہی لاڈ سے اٹھاے تھے.
میں ماں کے ساتھ ساتھ نانی اور دادی دونوں کا لاڈلا تھا میری پیدائش کے دو سال بعد میری چھوٹی بہن ماہم زیتون نے ہمارے پورے کنبے پہ رحمت اور خوشحالی کی مہر ثبت کر دی تھی.
یہ تقدیر بنانے والے نے بھی قسمت کے ہیر پھیر عجب ہی رکھ چھوڑے ہیں، ماں بڑی زیرک اور محنتی خاتون تھی ادلے بدلے کی آگ میں جلتے جلتے، اپنے چھوٹے بھای کی بلی چڑھانے کے بعد ماں میں اتنا حوصلہ نہ تھا کہ اپنی مہنگی ترین اولاد کو بھی خاندانی دشمنیوں کی بھینٹ چڑھا دیتی. لہٰذا بڑے بھائی نور احمد کو بڑی خاموشی سے
مزید پڑھنے کے لیے گاوں بدر
کر دیا گیا تو ایک ہی ماں کے دو بیٹے اور تقدیر ایک کو گاوں سے دور لے گیی، اس نے پڑھ لکھ کے خود سے اپنا نام بنا لیا. اور میرے نصیب میں گاوں آیا معمولی پڑھ کر میں کھیتوں کا ہی ہوکررہ گیا. شادی بھی گاوں کی ہی ایک نار سے ہوی اس پر جلال عورت نے ساری عمر اپنی حکومت کے تخت پر اپنی ہی حکمرانی رکھی اور اپنے جلال کو ہمیشہ پر جلال رکھا. میری نازک طبیعت اس طرح کے پر جلال ماحول کا مقابلہ نہ کر پای اور میں مستقل طور پہ ذہنی مریض بن گیا تو میں ذہنی مریض اور میرا بھائی دنیا کی شاہراہ پہ ترقی کی منازل طے کر تا چلا گیا. تین بیٹیاں اور دو بیٹے ہیں میرے
بیوی پچھلے سال چند ماہ علیل رہ کر اللہ کو پیاری ہو چکی ہے اب مجھ ظہور احمد کو لگ سمجھ گیی کہ دو وقت کی روٹی کھلانے والی نہیں رہی اور دو عدد بہویں اور دو بیٹے بھی ایک بوڑھے باپ کو دو وقت کی روٹی نہیں کھلا سکتے. میری تو بد نصیبی اس لیے بھی کیی گنا َزیادہ ہو جاتی ہے کہ میری سگی بہن بھی مجھے اپنے پاس رکھنے سے انکاری ہو گیی تھی اور میرے مرنے سے چار دن پہلے میرے بڑے بیٹے نے انتہائی کمینگی سے مجھے دھتکار دیا تھا. اے دنیا کے اونچے اونچے محلات میں بیٹھے ہوے امیر زادوں کبھی مجھ جیسے درویش، کیی کیی دنوں کی بھوک پیاس کے ساتھ جیتے ہوے شخص کی آخری سانس سنی ہے، میں وہ قیدی ہوں جس نے پوری زندگی ایک بے زبان قیدی کی طرح گزار دی. اپنوں، بیگانوں کے ظلم و ستم برداشت کرتے کرتے آخر کار اکیس جنوری 2024 کی صبح طلوع ہو جاتی ہے، اللہ تعالیٰ نے جبرائیل علیہ السلام کو میری جان قبض کرنے نے لیے بھیج دیا ہے. آج کا دن بہت پیارا ہے قیدی جسم اور روح ہر قید سے آزاد ہو چکا ہے اب میری بہو یں اور بیٹے بہت خوش ہیں میری مال و دولت کے ساتھ ساتھ گھر کا آخری کمرہ بھی ان کے لیے خالی ہے.
ڈاکٹر پونم گوندل لاہور
drpunnamnaureen@gmail.com