لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے) ایکس سینیٹر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع خوشاب ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی نے حکومتِ پنجاب کی عوام دوست
لاہور (راجہ نورالہی عاطف سے) ایکس سینیٹر و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) ضلع خوشاب ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی نے حکومتِ پنجاب کی عوام دوست پالیسیوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت نے عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنے، مہنگائی کے اثرات کم کرنے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات اٹھائے ہیں۔ میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوءےانہوں نے کہا کہ حکومت کی ترجیح عوامی فلاح و بہبود ہے، جس کے ثمرات بتدریج نچلی سطح تک پہنچ رہے ہیں۔
انہوں نے بالخصوص وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سربراہی میں صحت، تعلیم، انفراسٹریکچر اور سماجی بہبود کے شعبوں میں نمایاں پیش رفت دیکھنے میں آئی ہے۔ دیہی علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، سرکاری ہسپتالوں میں سہولیات کی بہتری، اور تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن جیسے اقدامات قابلِ ستائش ہیں۔
ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی نے کہا کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے نوجوانوں کے لیے ہنر مندی پروگرامز، بلاسود قرضوں کی فراہمی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کی پالیسی نہ صرف خوش آئند ہے بلکہ یہ صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کسانوں کے لیے سبسڈی، جدید زرعی سہولیات اور مارکیٹ تک آسان رسائی جیسے اقدامات زرعی شعبے کی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کے لیے تمام سیاسی و سماجی حلقوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون اور مثبت سوچ ہی پنجاب کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے۔
ایکس سینیٹر ڈاکٹر غوث محمد خان نیازی نے کہا کہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں کا تسلسل وقت کی ضرورت ہے اور اگر یہی جذبہ برقرار رہا تو صوبہ پنجاب ترقی، استحکام اور خوشحالی کی نئی منازل طے کرے گا اور یہاں پر خوشحالی ہوگی اور عوام اس کے ثمرات سے مستفید ہوگی۔