پسند کی شادی کرنے والا جوڑا تحفظ کے لیے سکھر پریس کلب پہنچ گیا
پسند کی شادی کرنے والا جوڑا تحفظ کے لیے سکھر پریس کلب پہنچ گیا
جان کو شدید خطرات لاحق، اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
سکھر (بیورورپورٹ) پسند کی شادی کرنے والا ایک جوڑا جان کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر سکھر پریس کلب پہنچ گیا اور میڈیا کے ذریعے اعلیٰ حکام سے فوری تحفظ فراہم کرنے کی اپیل کی۔خانیوال کی رہائشی مسمات سلمہ دختر مشتاق احمد کھوکھر اپنے شوہر کامران عمرانی کے ہمراہ پریس کلب میں پیش ہوئیں اور صحافیوں کو بتایا کہ انہوں نے آٹھ روز قبل اپنی مرضی سے گھر سے نکل کر قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے سندھ ہائیکورٹ سکھر میں شادی کی۔ انہوں نے کہا کہ شادی سے متعلق بیانِ حلفی اور اطلاع عدالت میں جمع کروائی جا چکی ہے۔مسمات سلمہ کے مطابق شادی کی اطلاع ملتے ہی ان کے اہلِ خانہ اور سابقہ شوہر مشتعل ہو گئے اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابقہ شوہر امجد، والد مشتاق کھوکھر، بھائی ارشد سمیت دیگر رشتہ دار انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں، جس کے باعث وہ شدید خوف اور عدم تحفظ کا شکار ہیں۔کامران عمرانی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں بالغ ہیں، ایک دوسرے کو پسند کرتے ہیں اور اپنی آزاد مرضی سے رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانونی تحفظ کے حصول کے لیے متعلقہ تھانے میں درخواست بھی دی گئی ہے، تاہم اس کے باوجود انہیں مسلسل دھمکی آمیز پیغامات موصول ہو رہے ہیں۔جوڑے نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ، آئی جی سندھ پولیس، ڈی آئی جی سکھر اور دیگر متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کے معاملے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے انہیں مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے تاکہ وہ بلا خوف و خطر اپنی زندگی گزار سکیں۔