سکھر: میرانی محلہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان، محلہ ڈیولپمنٹ کمیٹی کا مختلف پاڑوں کا دورہ، منتخب نمائندوں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
سکھر: میرانی محلہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان، محلہ ڈیولپمنٹ کمیٹی کا مختلف پاڑوں کا دورہ، منتخب نمائندوں سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ
سکھر (بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان ماہرین نیوز)سکھر کے علاقے میرانی محلہ، نمائش یوسی 6 ٹاؤن جئے شاہ میں میرانی محلہ ڈیولپمنٹ کمیٹی کے رہنماؤں نے مختلف پاڑوں کا دورہ کرکے علاقہ مکینوں سے بنیادی مسائل کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔ دورے میں رئیس احمد ابڑو، مفتی اعظم مہر، نیک محمد میرانی، عبدالغنی میرانی، علی شیر چوہان، سید امتیاز شاہ، بلال احمد چاچڑ، عبداللطیف انصاری، الہوسایو ماکو، اشفاق میرانی، آفتاب میرانی اور دیگر شامل تھے۔علاقہ مکینوں نے کمیٹی کے سامنے صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال، ترقیاتی کاموں میں سستی، ڈرینیج سسٹم کی خرابی، نالیوں کی عدم صفائی، واٹر سپلائی لائن کی لیکیج، گندگی کے ڈھیروں، میرانی ڈرینیج اسٹیشن کی تباہ حالی، اسٹریٹ لائٹس کی عدم موجودگی، اسکول اور اسپتال نہ ہونے سمیت متعدد بنیادی مسائل پیش کیے۔مکینوں کا کہنا تھا کہ میرانی محلہ نمائش گراؤنڈ گزشتہ 40 برسوں سے آباد ہے۔ اس آبادی کو بندر روڈ سے منتقل کرتے وقت اس وقت کے سابق وفاقی وزیر و سینیٹر اسلام الدین شیخ اور سابق میئر سکھر نور الدین شیخ نے وعدہ کیا تھا کہ یہاں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی، تاہم چار دہائیاں گزر جانے کے باوجود آج تک علاقے کو بنیادی سہولیات میسر نہیں آ سکیں۔رہنماؤں نے بتایا کہ مذکورہ آبادی کو کچی آبادی قرار دینے کے باوجود اس کی باقاعدہ رجسٹریشن نہیں کی گئی، جس کے باعث مکینوں کو قانونی اور شہری حقوق کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ہزاروں گھروں پر مشتمل اس بڑی آبادی میں نہ تو کوئی پرائمری اسکول قائم کیا گیا ہے اور نہ ہی کوئی ڈسپنسری موجود ہے۔صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات کی عدم فراہمی سے اہل علاقہ شدید مشکلات میں مبتلا ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں بے ضابطگیوں اور ناقص کاموں کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ ڈرینیج کا نظام ناکارہ ہوچکا ہے جس کے باعث گندہ پانی گلیوں میں جمع رہتا ہے اور تعفن پھیلنے سے مختلف بیماریوں کے خدشات بڑھ رہے ہیں۔میرانی محلہ ڈیولپمنٹ کمیٹی کے رہنماؤں نے سکھر کے منتخب نمائندوں، میئر سکھر اور ڈپٹی کمشنر سکھر سے مطالبہ کیا کہ علاقے کے دیرینہ مسائل کا فوری نوٹس لیا جائے اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں تاکہ چالیس سال سے محرومی کا شکار اس قدیمی آبادی کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔