سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز )روہڑی انٹرچینج کے قریبایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سندھ ایکسائز
سکھر(بیورورپورٹ۔ سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز )روہڑی انٹرچینج کے قریبایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ سندھ ایکسائز پولیس کی جانب سے منشیات چیکنگ کے نام پر مبینہ بھتہ خوری اور مال بردار گاڑیوں کو غیر ضروری طور پر روکنے کی شکایات سامنے آئی ہیں۔ پنجاب سے سکھر اور اندرونِ سندھ آنے والی مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز نے الزام عائد کیا ہے کہ چیکنگ کے بہانے انہیں گھنٹوں روکا جاتا ہے اور مبینہ طور پر رقم طلب کی جاتی ہے۔ذرائع کے مطابق روہڑی انٹرچینج کے قریب قائم ناکے پر مال بردار گاڑیوں کی تلاشی کے دوران مبینہ طور پر فی گاڑی 100 روپے سے رقم طلبی شروع کی جاتی ہے جو مذاکرات کے بعد 10 ہزار روپے تک جا پہنچتی ہے۔ ڈرائیورز کا کہنا ہے کہ اگر کوئی گاڑی قانونی تقاضے پورے کرتی ہے اور اس میں کوئی ممنوعہ یا غیر قانونی سامان موجود نہیں تو پھر اضافی رقم کس بنیاد پر لی جاتی ہے؟ڈرائیورز نے الزام لگایا کہ بعض اوقات بھتہ ادا نہ کرنے کی صورت میں گاڑیوں کو گھنٹوں روکے رکھا جاتا ہے، جس کے باعث سامان کی بروقت ترسیل متاثر ہوتی ہے اور مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماہِ رمضان میں بھی یہ مبینہ کارروائیاں جاری ہیں اور اہلکاروں کی جانب سے کسی رعایت کا مظاہرہ نہیں کیا جا رہا۔متاثرہ ڈرائیورز نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور اگر کسی اہلکار کے خلاف الزامات درست ثابت ہوں تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات کی روک تھام کے لیے چیکنگ ایک قانونی عمل ہے، تاہم اس کی آڑ میں کسی قسم کی مبینہ بدعنوانی ناقابلِ قبول ہے۔شہری حلقوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ ہائی ویز اور انٹرچینجز پر قائم چیک پوسٹس کی نگرانی کا مؤثر نظام بنایا جائے تاکہ ٹرانسپورٹرز اور ڈرائیورز کو غیر ضروری ہراسانی سے بچایا جا سکے۔ متعلقہ حکام کی جانب سے تاحال اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔