November 17, 2026

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز سندھ حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی رنگ لے آئی

Screenshot_2026-02-21_194242

سکھر بیورو چیف سید نصیر حسین زیدی دعا ان لاین نیوز
سندھ حکومت کی مؤثر حکمتِ عملی رنگ لے آئی
بدنام زمانہ نوٹیفائیڈ ڈاکو ثناءاللہ شر نے سرینڈر کر دیا

سکھر/کراچی/گھوٹکی(بیورورپورٹ) سندھ حکومت اور سندھ پولیس کی مربوط اور مؤثر حکمتِ عملی کے نتیجے میں کچے کے بدنام زمانہ نوٹیفائیڈ ڈاکو ثناءاللہ عرف ثناءو ولد جنگل عرف باگو شر نے قانون کے سامنے سرینڈر کر دیا۔ ملزم پچاس سے زائد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا اور طویل عرصے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔صوبائی وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے اس پیش رفت کو ریاستی رٹ کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ قتل، اقدام قتل، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی، اسلحہ ایکٹ اور انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت متعدد سنگین دفعات میں مطلوب ملزم کا ہتھیار ڈالنا سندھ حکومت کی سرینڈر پالیسی کی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت جرائم پیشہ عناصر کو واضح پیغام دیتی ہے کہ “قانون کے سامنے آئیں یا قانون کا سامنا کریں”۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔وزیر داخلہ نے سکھر رینج کے ڈی آئی جی ناصر آفتاب، ایس ایس پی گھوٹکی انور کھیتران اور ان کی ٹیم کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مسلسل دباؤ کو اس کامیابی کا بنیادی سبب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مربوط کارروائیوں اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے باعث کچے کے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت محدود ہو چکی ہے۔ثناءاللہ شر کچے کے علاقے رونتی کا رہائشی اور نوٹیفائیڈ ڈاکو تھا۔ اس کے خلاف مختلف تھانوں میں قتل، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی، اقدام قتل، اسلحہ ایکٹ اور انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درجنوں مقدمات درج تھے۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم عرصہ دراز سے روپوش تھا اور سنگین وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔وزیر داخلہ ضیاءالحسن لنجار نے کہا کہ سندھ حکومت کی سرینڈر پالیسی کا مقصد ایسے عناصر کو موقع فراہم کرنا ہے جو جرائم کی دنیا چھوڑ کر قومی دھارے میں شامل ہونا چاہتے ہیں، تاہم سنگین جرائم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لانا ناگزیر ہے۔انہوں نے واضح کیا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے آپریشنز اور ٹارگٹڈ کارروائیاں جاری رہیں گی اور عوام کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔پولیس حکام کے مطابق ملزم کے خلاف درج مقدمات کی قانونی کارروائی جاری رہے گی اور قانون کے مطابق تمام تقاضے پورے کیے جائیں گے۔