سکھر: اقلیتی امور سے متعلق وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی کا کرشنا مندر کا افتتاح
سکھر: اقلیتی امور سے متعلق وزیراعلیٰ کے معاونِ خصوصی کا کرشنا مندر کا افتتاح
گئو شالا مندر میں گیتا سملن کی تقریب، مذہبی رواداری اور ترقیاتی منصوبوں پر زور
سکھر (بیورورپورٹ)سکھر میں اقلیتی برادری کے لیے اہم پیش رفت کے طور پر وزیراعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے اقلیتی امور ڈاکٹر شام سندر نے کرشنا مندر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب گئو شالا مندر میں منعقدہ گیتا سملن کے موقع پر ہوئی، جس میں ہندو برادری اور سیاسی نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب میں ہندو پنچایت کے مُکھی ایشور لال، پاکستان پیپلزپارٹی مینارٹی ونگ سکھر ڈویژن کے جنرل سیکریٹری راجکمار واگھوآنی سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شام سندر نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اقلیتی برادری کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے کوشاں رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی قیادت مذہبی رواداری اور ہم آہنگی پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری مذہبی رواداری کے داعی ہیں اور اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اقدامات کے حامی ہیں۔
نئے طرز پر مندر کی تعمیر
ڈاکٹر شام سندر نے اعلان کیا کہ سکھر میں کرشنا مندر کو جدید طرزِ تعمیر کے مطابق وسعت دی جا رہی ہے اور اسے ایک بڑے اور خوبصورت مندر کی شکل دی جائے گی تاکہ مقامی ہندو برادری کو عبادات اور مذہبی تقریبات کے لیے بہتر سہولیات میسر آ سکیں۔انہوں نے بتایا کہ سکھر کے تاریخی سادھ بیلو مندر میں بھی تعمیر و مرمت کا کام جاری ہے، جس کا مقصد مذہبی سیاحت کو فروغ دینا اور عبادت گزاروں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔معاونِ خصوصی نے اس موقع پر کہا کہ سکھر میں پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے متعدد ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جن میں انفراسٹرکچر کی بہتری، عوامی سہولیات کی فراہمی اور اقلیتی برادری کی عبادت گاہوں کی بحالی شامل ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے بین المذاہب ہم آہنگی، امن اور ملکی ترقی کے لیے دعا بھی کی۔ شہری و سماجی حلقوں نے مندر کی تعمیر و بحالی کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی اقلیتی برادری کے حقوق اور مذہبی مقامات کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔