سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر کی
سکھر(بیورورپورٹ)رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کے موقع پر ملک کے دیگر شہروں کی طرح سکھر کی مساجد میں بھی روح پرور اور بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے نماز جمعہ کی ادائیگی کی سعادت حاصل کی۔ نماز جمعہ کے بعد ملک پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔شہر کی مرکزی اور بڑی مساجد سمیت مختلف علاقوں کی مساجد میں نمازیوں کی غیر معمولی تعداد دیکھنے میں آئی۔ مساجد میں رش کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے۔مساجد کے داخلی و خارجی راستوں پر پولیس اہلکار تعینات رہے جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس گشت میں بھی اضافہ کیا گیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔علمائے کرام نے اپنے خطباتِ جمعہ میں رمضان المبارک کی فضیلت، برکت اور روحانی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کا پہلا عشرہ رحمت، دوسرا عشرہ مغفرت اور تیسرا عشرہ جہنم کی آگ سے نجات کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقدس مہینہ صبر، تقویٰ، ایثار، ہمدردی اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔خطیب حضرات نے اپنے بیانات میں اس بات پر زور دیا کہ رمضان المبارک دراصل معاشرے کے کمزور اور مستحق افراد کے ساتھ ہمدردی اور تعاون کا عملی مظاہرہ کرنے کا مہینہ ہے۔ ہر صاحبِ حیثیت مسلمان پر لازم ہے کہ وہ غریبوں، مسکینوں اور ضرورت مندوں کی دل کھول کر مدد کرے، ان کی روزمرہ ضروریات کا خیال رکھے اور انہیں بھی رمضان کی خوشیوں میں شریک کرے۔
شہریوں نے بھی رمضان المبارک کے پہلے جمعہ پر مساجد میں غیر معمولی حاضری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اس بابرکت مہینے میں عبادات کے ساتھ ساتھ سماجی ذمہ داریوں کو بھی بھرپور انداز میں ادا کریں گے۔