تحریر رانا عرفان احمد میلسی ماہِ مبارک جس کا ہر مومن کو انتظار رہتا ہے
تحریر رانا عرفان احمد میلسی
ماہِ مبارک جس کا ہر مومن کو انتظار رہتا ہے۔ حضور اکرمۖ ماہِ رجب سے نہ صرف رمضان المبارک کا انتظار فرماتے، بلکہ بارگاہِ خداوندی میں دستِ دعا دراز کرتے کہاے اللہ!ہمیں رجب اور شعبان میں برکت عطاء فرما اور ہمیں ماہِ رمضان تک پہنچا۔ یعنی ہمیں صحت و عافیت کیساتھ اتنی زندگی عطاء فرما کہ ہم رمضان المبارک کی رحمتوں اور برکتوں سے بہرہ ور ہوسکیں۔اسی لیے اللہ کے نیک بندوں کو رمضان المبارک کا سال بھر انتظار رہتا ہے اور رجب کا چاند نظر آتے ہی اس انتظار میں شدت آجاتی ہے کہ کسی طرح ماہِ مبارک میسر آجائے۔ رمضان المبارک کا مہینہ اپنی تمام تر برکتوں، رحمتوں کیساتھ ہم پر سایہ فگن ہے، اس ماہِ مبارک میں انوار وتجلیات،رحمتوں اور برکتوں کی موسلا دھاربارش ہوتی ہے۔گناہ گاروں کے لیے اس ماہِ سعید میں سامانِ مغفرت،نارِ جہنم سے آزادی کا پروانہ ہے۔ اس ماہ میں ایمان وعمل کی بہار چھا جاتی ہے، گناہوں کی سیاہی سے زنگ آلودہ دِلوں کی صفائی اور صیقل کا سامان ہوتا ہے، جہنم کے دروازے بند اور جنت کے دروازے کھول دئیے جاتے ہیں۔اے خیر کے طلب گار!آگے بڑھ اور اے شر کے چاہنے والے!پیچھے ہٹ جائو’ کی صدائیں بلند ہوتی ہیں ۔ سرکش شیاطین قید کردئیے جاتے ہیں، اس ماہ ِصیام میں دن کا روزہ فرض کیا گیا، تاکہ نفسِ امارہ کو اس کی خواہشات اور مرغوبات سے دُور رکھ کر زیورِ تقویٰ سے آراستہ کیا جائے اور رات کو قرآن سن کر دِلوں کو جِلابخشی جائے۔اسلام چونکہ دینِ فطرت ہے، اس لیے وہ نہ صرف رہبانیت، بلکہ نری مادہ پرستی کے بھی خلاف ہے۔ اسلام تعلیم دیتا ہے کہ اس دنیا کے خزانوں اور دفینوں سے فائدہ اٹھا، اپنی خواہشات پوری کرو، مگر ایک دائرے میں اور ایک حد میں رہ کر۔ اپنے اخلاق وروحانیت کے جذبے کو کبھی افسردہ اور مردہ نہ ہونے دو اور تمام انبیائے کرام نے ہر دور میں اسی کے لیے کوشش کی۔جب بھی انسانیت، انتہا پسندانہ مادیت اور حیوانیت کی زد میں آکر ہلاک ہونے کے قریب ہوئی، انہوں نے اخلاق ورُوحانیت پیدا کرنے کے اسباب مہیا کیے۔ روزہ بھی سال میں ایک مرتبہ اسی لیے فرض کیا گیا کہ معدے اور مادے کی شقاوت اور سختی دُور ہو، کچھ دن مادیت پرستی میں تخفیف ہو، تاکہ اس میں رُوحانیت اور ایمان کی اتنی مقدار داخل ہوجائے، جس سے اسکی زندگی اعتدال پر آجائے، فرشتوں کی نسبت حاصل ہوجائے۔نفس کا مقابلہ اور رُوح کی پرفضاء وسعتوں میں جولانیاں کرسکے۔ رزق کی فراوانی کے باوجود بھوکا پیاسا رہ کر وہ لذت ونشاط حاصل کرے، جو انواع واقسام کے لذیذ کھانوں سے حاصل نہیں ہوتی۔ اسی کو قرآنِ کریم تقویٰ سے تعبیر کرتا ہے۔ ارشادِ خدا وندی ہے۔اے ایمان والو!تم پر روزے فرض کیے گئے، جیسا کہ تم سے پہلے لوگوں پر فرض کیے گئے تھے، تاکہ تم متقی اور پرہیز گار بن جائو (سورہ البقرہ)۔ اس آیت میں روزے کا مقصد بتایا گیا کہ اس سے مراد بھوکا پیاسا رہنا نہیں، بلکہ حیوانی اور نفسانی تقاضوں کو دباکر ملکوتی صفات پیدا کرنا ہے،تاکہ دل میں اللہ کا خوف پیدا ہو اور وہ تقویٰ کی صفت سے متصف ہو۔اس مبارک مہینے کو اللہ تعالیٰ نے اپنا مہینہ فرمایا ہے، گویا اللہ تعالیٰ اپنے ان بندوں کو، جو دنیا کے بکھیڑوں میں گِھر کراللہ سے دُور ہوچکے ہیں، اپنے قریب کرنا اور اپنا بنانا چاہتا ہے۔ مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے انسان کو پیدا تو کیا تھا اپنی عبادت کے لیے،لیکن وہ اپنی ضروریات وخواہشات کی تکمیل کے لیے دنیا اور اس کے کاموں میں اس قدر منہمک ہوگیا کہ اپنا مقصدِ تخلیق ہی بھلا بیٹھا۔اپنے خالق ومالک کی طرف سے غافل ہوگیا، اس لیے اللہ تعالیٰ نے چاہا کہ انسان، جو گیارہ مہینے دنیا کے جھمیلوں، اسکی تجارت وزراعت، مزدوری ودیگر کاروبار، گھریلو اُمور وغیرہ میں مشغول رہتے ہیں کہ ان کی اپنی ضروریات اہل و عیال بھی ہیں، بیوی بچے بھی ہیں اور دوسرے بہت سے افراد کے حقوق بھی ان سے وابستہ ہیں، تو دنیوی امور میں مشغولیت کی سبب دلوں پر غفلت کے جو پردے پڑجاتے ہیں، خالق سے رشتہ کم زو رہو جاتا ہے، تو اس ایک ماہ کے لیے بندے خود کو اس دنیا کے جھنجھٹ سے نکالیں اور اپنے مقصدِ تخلیق کی طرف لوٹ آئیں۔عبادتِ الٰہی سے اپنے دل پر پڑے غفلت کے پردے اتاریں ڈالو، گناہوں کے سبب زنگ آلود دِلوں کو اللہ کے ذکر سے جِلا بخشیں۔یہ مہینہ، اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کا مہینہ ہے، یہ رحمتوں اور مغفرتوں کے حصول کا مہینہ ہے۔اس ماہ کی خاص عبادت روزے کا مقصد ہی تقویٰ ہے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم، ایک حدیثِ قدسی میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے فرماتے ہیں۔ہر نیکی کا بدلہ دس گنا سے سات سو گنا تک دیا جاتا ہے، سوائے روزے کے کہ وہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا(بخاری، مسلم)۔تمام عبادات اللہ کے لیے ہیں اور اللہ تعالیٰ ہی ان کا بدلہ عطاء فرمائے گا، تو روزے میں ایسی کیا خاص بات ہے، جس کے لیے کہا جارہا ہے کہ روزہ میرے لیے ہے اور میں ہی اس کا بدلہ دوں گا۔اس ماہِ مبارک میں قلوب کا تصفیہ بھی بہت ضروری ہے، جس دل میں کینہ ، حسد، بغض، عداوت کا کھوٹ او ر میل جمع ہو، اس پر اس ماہ مبارک کے انوار کی تجلی کماحقہ نہیں ہو سکتی۔یہی وجہ ہے کہ بعض احادیث کے مطابق، رمضان المبارک کی راتوں میں سب لوگوں کی بخشش ہو جاتی ہے، مگر ایک دوسرے سے کینہ وعداوت رکھنے والوں کی بخشش نہیں ہوتی۔ اس لیے تقاضائے بشریت کی بنا پر جو آپس میں رنجش ہو جاتی ہے، ان سے دِل صاف کرلینا چاہیے اور اس ماہِ مبارک میں کسی دوسرے مسلمان سے کینہ وعداوت نہیں رہنی چاہیے۔ ماہِ مبارک کا دِل وزبان اور عمل سے احترام کرنا بھی لازم ہے۔آنحضرت ۖ نے ماہِ رمضان کو ہم دردی وغم خواری کا مہینہ فرمایا ہے، اس لیے اس مہینے میں جو دو سخا اور عطاء وبخشش عام ہونی چاہیے۔ جن لوگوں کو اللہ تعالیٰ نے استطاعت عطاء فرمائی ہے، وہ اس مہینے میں تنگ دستوں اور محتاجوں کی بطورِ خاص نگہداشت کریں۔ ماہِ سعید کا ایک لمحہ بھی ضائع نہیں ہونا چاہیے، رمضان مبارک کو گزرنے نہ دیجیے، جب تک ملا اعلیٰ میں ہماری بخشش ومغفرت کا اعلان نہ ہو جائے ، توبہ واستغفار، بارگاہِ خداوندی میں عجز ونیاز اور آہ وزاری میں کسرنہ چھوڑئیے، بلکہ ساری عمر کی حسرتیں نکال لیجیے، ذکر وتسبیح ، صلو وسلام، تکبیر وتہلیل، خصوصاً تلاوتِ قرآن پاک سے اپنے اوقات کو معمور رکھیے۔تہجد کے وقت اُٹھنا اور سحری کا اہتمام تو معمولات میں داخل ہی ہیں، کوشش کیجیے کہ اس ماہِ مبارک میں آپ کی نمازِ تہجد فوت نہ ہو، خواہ دو ہی رکعتیں پڑھنے کا موقع ملے، مگر آہ سحر گاہی کرنے والوں کی فہرست میں اپنا نام ضرور درج کروا لیجیے۔تراویح تو رمضان المبارک کی خاص نماز ہے، لیکن کوشش یہ ہونی چاہیے کہ کم ازکم رمضان مبارک میں کسی نماز کی تکبیرِ تحریمہ فوت نہ ہو۔ تمام لغوتفریحات کو خیر باد کہہ دیجیے اور عزم کر لیجیے کہ اس ماہِ مقدس کو اپنے گناہوں کی نجاست اور گندگی سے آلودہ نہیں کریں گے۔بلاشبہ، ماہِ مبارک قبولیتِ دعا کا خاص موسم ہے، مانگنے والوں کو ملتا ہے اورخوب ملتا ہے۔مانگنے والوں کی حیثیت کے مطابق نہیں، بلکہ دینے والا اپنی شان کے مطابق دیتا ہے، مگر کوئی مانگنے چاہیے والا۔ سو، اس ماہِ مبارک میں کائنات کے داتا کے دروازے پر جتنا مانگا جا سکے، مانگیے، خوب رو رو کر مچل مچل کر مانگیے، اپنے لیے بھی اپنے اہل وعیال اور دوست واحباب کے لیے بھی، امتِ کے بلند پایہ اکابر کے لیے بھی اور اُمت کے گناہ گاروں کے لیے بھی۔آج کل ملک، بلکہ پوری دنیا خصوصاً عالم اسلام کے جو حالات ہیں، ان میں زیادہ ضروری ہے کہ ہم اللہ کی طرف رجوع کریں اور اپنے گناہوں کی معافی کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی رحمت کو متوجہ کریں، لہٰذا اللہ کے حضور اپنے گناہوں پر معافی مانگنے کیساتھ ساتھ پوری اُمتِ مسلمہ کے لیے مغفرت طلب کریں کہ اپنے گناہوں پر شرمندہ ہونا، توبہ کرنا اللہ تعالیٰ کو بہت پسند ہے۔
ماہِ صیام تیرا کیوں نہ ہو احترام
کہ نازل ہوا تجھ میں اللہ کا کلام