November 17, 2026

تھٹہ رپورٹ عبد العزیز شیخ تاریخی ورثہ زبوں حالی کا شکار

IMG-20260218-WA0285

تھٹہ

رپورٹ عبد العزیز شیخ

تاریخی ورثہ زبوں حالی کا شکار

ٹھٹہ ضلع کے قدیم شہر غلام اللہ، جو اپنی بڑی آبادی اور مختلف قوموں کے باہمی رہن سہن کے باعث تاریخی اور سماجی اہمیت رکھتا ہے، اس وقت اپنے تاریخی ورثے کی تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے۔ یہ شہر ایک درویش صفت بزرگ ولی کے نام سے منسوب ہے، جس کی وجہ سے اس علاقے کو روحانی اور تاریخی حیثیت حاصل رہی ہے۔ تاریخی طور پر یہاں بزرگ ولی کی مزار کے قریب معصوم بچوں کا قدیم قبرستان موجود ہے، جو صدیوں سے علاقے کی مذہبی اور ثقافتی شناخت کا اہم حصہ رہا ہے۔ مقامی روایات کے مطابق یہ قبرستان نہ صرف عقیدت کا مرکز رہا بلکہ علاقے کی اجتماعی یادداشت اور تاریخی تسلسل کی علامت بھی ہے۔ بدقسمتی سے متعلقہ اداروں کی عدم توجہ کے باعث یہ قدیم قبرستان تیزی سے زوال کا شکار ہو رہا ہے۔ چاردیواری نہ ہونے کے سبب جانوروں اور لوگوں کی آمدورفت سے قبروں کی بے حرمتی ہو رہی ہے، جبکہ نکاسی آب کا مناسب انتظام نہ ہونے کی وجہ سے بارش کا پانی قبرستان میں جمع ہو جاتا ہے، جس سے قبروں کو نقصان پہنچ رہا ہے اور تاریخی آثار مٹنے کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔غلام اللہ کے باشعور شہریوں، سماجی رہنماؤں اور معزز شخصیات نے محکمہ آثارِ قدیمہ، محکمہ اوقاف، ضلعی انتظامیہ اور منتخب نمائندوں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس تاریخی اور روحانی اہمیت کے حامل مقام کو محفوظ بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ مطالبہ کیا گیا ہے کہ بزرگ ولی کی مزار اور معصوم بچوں کے قبرستان کی مرمت، صفائی اور حفاظت کے لیے مضبوط چاردیواری تعمیر کی جائے تاکہ یہ تاریخی ورثہ آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ رہ سکے۔