November 17, 2026

دعا نیوز آن لائن عبدالقیوم شیخ سندھ )(PJA) ضلع ٹھٹھہ میں انسانی حقوق کے فروغ اور ادارہ جاتی

Screenshot_2026-02-17_143548

دعا نیوز آن لائن عبدالقیوم شیخ سندھ )(PJA)

ضلع ٹھٹھہ میں انسانی حقوق کے فروغ اور ادارہ جاتی ہم آہنگی کے حوالے سے ایک اہم اور تاریخی پیش رفت اس وقت دیکھنے میں آئی جب راج ویر سنگھ سوڈا، خصوصی معاون وزیر اعلیٰ سندھ برائے انسانی حقوق حکومتِ سندھ نے ایک جامع سرکاری دورہ کیا۔ یہ دورہ محض رسمی نوعیت کا نہیں بلکہ عملی اقدامات، مشاورت اور ایک سنجیدہ قدم ثابت ہوا۔

ان کے ہمراہ سندھ ہیومن رائٹس کمیشن کے سیکریٹری و ڈائریکٹر سندھ آغا فخر حسین اور معزز اراکین احمد لقمان میمن (ریٹائرڈ سیشن جج و جوڈیشل ممبر)، اقبال حسین میتلو (ریٹائرڈ سیشن جج و جوڈیشل ممبر)، آنند رام ڈی سیرانی (ریٹائرڈ سیشن جج و جوڈیشل ممبر) اور تحسین فاطمہ (سابق سیکریٹری محکمہ انسانی حقوق و ممبر کمیشن) شریک تھے۔ وفد میں ویجلنس کمیٹی سندھ کے رکن صوفی فقیر ذوالفقار علی قادری، ڈسٹرکٹ ہیومن رائٹس کمیٹی ٹھٹھہ کے اراکین ایڈوکیٹ اعجاز حسین شاہ، وقار النساء، میمبر سیکریٹری کے بی بہرانی انچارج ٹھٹھہ الطاف حسین تنیو و دیگر محکمے کہ افسران بھی شامل تھے۔

دربار ہال میں اہم اجلاس

ڈپٹی کمشنر آفس ٹھٹھہ کے دربار ہال میں ڈسٹرکٹ ہیومن رائٹس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر سرمد علی تمام متعلقہ محکموں کے افسران اور این جی اوز کے نمائندگان نے شرکت کی۔ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، کمزور طبقات کو درپیش مسائل، خواتین اور بچوں کے تحفظ، اور قانونی معاونت کے فقدان جیسے موضوعات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

اہم فیصلہ یہ ہوا کہ ہر ماہ ڈسٹرکٹ ہیومن رائٹس کمیٹی کا باقاعدہ اجلاس منعقد کیا جائے گا اور اس کے منٹس باقاعدگی سے جاری کیے جائیں گے تاکہ شفافیت، جوابدہی اور عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے۔ یہ فیصلہ ضلعی سطح پر انسانی حقوق کے نظام کو فعال بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

شجرکاری، عدلیہ اور وکلاء سے روابط

چیف کنزرویٹر فاریسٹ آغا طاہر حسین کی جانب سے ڈی سی آفس پارک میں مہمانوں کے ہاتھوں پودے لگوائے گئے، جو ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کے عزم کی علامت ہے۔

وفد نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج مشتریٰ خانم سے ملاقات کی اور عدالتی نظام میں انسانی حقوق کے مؤثر نفاذ پر تبادلہ خیال کیا۔ ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء سے ملاقات کے دوران صدر اعزاز شاہ نے مہمانوں کو اجرک کے تحائف پیش کیے اور وکلاء برادری اور ضلع کو درپیش قانونی مسائل پر کھل کر گفتگو کی۔

فیلڈ وزٹس اور عملی اقدامات

سیف ہاؤس مکلی اور ڈسٹرکٹ جیل ٹھٹھہ کا دورہ بھی پروگرام کا حصہ تھا۔ جیل میں حماد چانڈیو نے استقبال کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے آگاہ کیا۔ وفد نے اصلاحی اقدامات اور بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کا جائزہ لیا۔

مکلی میں قائم ڈسٹرکٹ ہیومن رائٹس آفس میں لیگل ایڈ آفس کا افتتاح اس دورے کا ایک نمایاں اقدام تھا، جس کے ذریعے غریب، نادار اور کمزور طبقات کو مفت قانونی مدد فراہم کی جا سکے گی۔ یہ قدم عملی طور پر انسانی حقوق کے تحفظ کی سمت مضبوط پیش رفت ہے۔

میڈیا سے گفتگو اور اختتامی تقریب

جیم خانہ مکلی میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے خصوصی معاون وزیر اعلیٰ سندھ راج ویر سنگھ سوڈا آغا فخر حسین و دیگر نے واضح کیا کہ انسانی حقوق کا تحفظ حکومتِ سندھ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ضلعی سطح پر نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

سرکٹ ہاؤس مکلی میں صوفی ذوالفقار علی قادری کی جانب سے مہمانوں کے اعزاز میں پرتکلف دعوت کا اہتمام کیا گیا، جہاں روایتی اجرک اور لونگی کے تحائف پیش کیے گئے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سرمد علی و دیگر شخصیات کو ہیومن رائٹس شیلڈ بھی دی گئی۔

رپورٹ وزیر اعلیٰ کو ارسال کی جائے گی

اس دورے کی مکمل رپورٹ مرتب کر کے مراد علی شاہ، وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام کو ارسال کی جائے گی تاکہ ضلعی سطح پر سامنے آنے والے مسائل، تجاویز اور پیش رفت سے صوبائی قیادت کو آگاہ کیا جا سکے اور ضروری پالیسی فیصلے کیے جا سکیں۔ پوشیدہ نہ رہے یہ دورہ اس حقیقت کا عکاس ہے کہ اگر ادارے باہمی تعاون، شفافیت اور مستقل مزاجی کے ساتھ کام کریں تو انسانی حقوق کا تحفظ محض نعرہ نہیں بلکہ عملی حقیقت بن سکتا ہے۔ ضلع ٹھٹھہ میں اٹھائے گئے اقدامات امید دلاتے ہیں کہ آنے والے دنوں میں انسانی حقوق کے تحفظ کا نظام مزید مؤثر، منظم اور فعال ہوگا۔