نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت این پی وی ای اور سی پی وی ای کے سلسلے میں ماہ فروری
نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ)ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت این پی وی ای اور سی پی وی ای کے سلسلے میں ماہ فروری کا جائزہ اجلاس آج ڈی سی آفیس کے دربار ہال میں منعقد ہوا اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے میڈیا نمائندگان اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک و قوم کی سالمیت کے خلاف مواد کی تشہیر کی روک تھام کے لیے مشترکہ اور مربوط کوششوں کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں میڈیا اور سوشل میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہو چکا ہے، لہٰذا صحافی اور ڈیجیٹل ورکرز ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتہا پسندی، نفرت انگیزی اور غیر مصدقہ اطلاعات کی اشاعت سے گریز کریں۔انہوں نے کہا کہ قانون کو ہاتھ میں لینے کے بجائے آئین و قانون کی پاسداری کو یقینی بنایا جائے اور معاشرے میں ہم آہنگی اور برداشت کے فروغ کے لیے مثبت کردار ادا کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ضلع انتظامیہ کی جانب سے سالانہ پھولوں کی نمائش اور ڈویژنل انڈر 25 اسپورٹس فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے آئندہ بھی ایسے پروگرام منعقد کئے جائیں گے اس موقع پر ماہِ رمضان المبارک کے دوران امن و امان کی صورتحال، انتظامی اقدامات اور گراں فروشی کی روک تھام کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کو متحرک کر دیا گیا ہے اور رمضان بازاروں سمیت مختلف مارکیٹس کی نگرانی کا عمل تیز کر دیا گیا ہے تاکہ اشیائے خوردونوش سرکاری نرخوں پر دستیاب ہوں۔ ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ڈپٹی کمشنر نے صحافیوں کے مسائل بھی سنے اور ان کے تدارک کے لیے مثبت اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ میڈیا کے ساتھ مکمل تعاون جاری رکھے گی اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔تقریب کے اختتام پر میڈیا نمائندگان اور سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس نے ذمہ دارانہ صحافت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اجلاس میں ضلع شہید بینظیرآباد کے مختلف پریس کلب کے صحافیوں نے شرکت کی۔