ٹھٹھہ رپورٹ ٹھٹھہ کے علاقے ترکی کالونی میں پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے مسائل کے حل کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے
ٹھٹھہ رپورٹ
ٹھٹھہ کے علاقے ترکی کالونی میں پانی کی فراہمی اور صفائی ستھرائی کے مسائل کے حل کے لیے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ترکی کالونی ویلفیئر آرگنائزیشن کے وفد نے انتظامیہ سے ملاقات کر کے علاقہ مکینوں کے مسائل اجاگر کیے، جس پر حکام نے جلد حل کی یقین دہانی کرائی ہے۔وفد میں صدر آچار میر بحر، میہو شورو، شہزاد لاشاری، حاجن نوتیار سمیت دیگر سماجی رہنما شامل تھے۔ وفد نے علاقہ میں پانی کی قلت اور صفائی ستھرائی کی خراب صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے مستقل بنیادوں پر صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر وفد نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ٹھٹھہ کے حکام اور ٹاؤن کمیٹی ٹھٹھہ کے سپرنٹنڈنٹ آچار سمون سے ملاقات کی۔ متعلقہ حکام نے مسئلے کو سنجیدگی سے سنتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ ایک ہفتے کے اندر پانی کی فراہمی بہتر بنانے اور صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔وفد نے امید ظاہر کی کہ انتظامیہ کے تعاون سے صفائی اور پانی کے مسائل کا مستقل حل جلد نکالا جائے گا، جس سے ترکی کالونی کے رہائشیوں کو بڑی سہولت ملے گی اور ان کی روزمرہ زندگی بہتر ہوگی۔ مقامی افراد نے بھی اس پیش رفت کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ مشترکہ کوششوں سے علاقے کے بنیادی مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔