November 17, 2026

عمرکوٹ (رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی) سامارو: رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اہم اجلاس

IMG-20260214-WA0170

عمرکوٹ (رپورٹ بیوروچیف ڈاکٹر ایم لال واگھانی)
سامارو: رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے اہم اجلاس
سامارو میں رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کے پیشِ نظر عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اسسٹنٹ کمشنر سنجے کمار کی صدارت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں ہول سیلرز، دکانداروں، سبزی منڈی کے نمائندوں، گوشت فروشوں اور متعلقہ محکموں کے آفسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک میں تمام اشیائے ضروریہ—خصوصاً آٹا، پھل، سبزیاں اور گوشت—حکومتی نرخ نامے کے مطابق فروخت کی جائیں۔ تمام دکانداروں کو پابند کیا گیا کہ وہ اپنی دکانوں پر ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں کریں، جبکہ آٹا 120 روپے فی کلو کے حساب سے فراہم کیا جائے۔
صفائی اور پانی کی فراہمی کے معاملات پر ٹاؤن کمیٹی سامارو کو خصوصی ہدایات دی گئیں تاکہ رمضان کے دوران شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ڈی ایس پی سامارو دھنی بخش نے رکشہ اور ٹریکٹر ڈرائیورز کو ہدایت دی کہ رمضان المبارک کے احترام میں تیز موسیقی، ایکو یا ٹیپ وغیرہ نہ چلائی جائے۔ خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
گوشت کی فروخت کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے کہا گیا کہ بکرے یا پاڈے کا ذبح ڈاکٹر اور ٹاؤن عملے کی موجودگی میں کیا جائے اور گوشت پر حکومتی اسٹیمپ لازمی ہو۔ بغیر اسٹیمپ گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اسی طرح نشہ آور اشیاء بالخصوص شراب کی فروخت پر مکمل پابندی عائد کرتے ہوئے سخت کارروائی کا اعلان کیا گیا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر سنجے کمار صاحب مختیارکار آصف کالرو، چیمبر آف کامرس سامارو کے صدر شکیل احمد قائم خانی، سینیئر نائب صدر بلال جان قائم خانی، الحاج مولوی غلام مصطفیٰ صابری، سلطان خاصخیلی، میڈیا سینٹر سامارو کے صدر رضوان عطاری اور شہر کے معززین سمیت تمام ہول سیلرز و منڈی کے نمائندگان موجود تھے۔
انتظامیہ نے واضح کیا کہ ان ہدایات پر عملدرآمد نہ کرنے کی صورت میں بھاری جرمانے اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تاکہ رمضان المبارک میں عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جا سکے۔