میانوالی(راجہ نورالہی عاطف سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میانوالی میں جلسہ عام میں
میانوالی(راجہ نورالہی عاطف سے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میانوالی میں جلسہ عام میں خطاب کرتے ہوئے میانوالی کے لئے اربوں روپے کے پراجیکٹس کا اعلان کر دیا۔ وزیراعلی ا مریم نواز شریف نے سرگودھا ڈویژن کے ضلع میانوالی آمد پر
میانوالی میں کیتھ لیب کا افتتاح کیا اورجلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے میڈیکل کالج، نرسنگ اور دیگر ہیلتھ پروفیشنل کے لئے الائیڈ کالج،لاء کالج، زرعی کالج قائم کرنے اور ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کو ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دینے،اپنا کھیت اپنی زمین پراجیکٹ، زمین کے کاشت کاروں کو 3لاکھ ایکڑزرعی اراضی دینے، 5ایکڑ تک 25سال کی لیز تک کاشتکاری کے اعلانات کئے تو فضا نعروں سے گونج اٹھی۔وزیراعلی ا مریم نواز شریف نےخطاب کا آغاز میانوالی کی مقامی زبان سے کیا کہ”میانوالی والے بھائیو،ترکڑے او ،میڈیوں دھیوں تے بہنو، اج ہاں بہوں خوش تھیاں”۔مریم نوازشریف نےمیانوالی والوں کو محمد نوازشریف کا سلام پیش کیا اور کہا کہ یہاں کی بہنوں،ماؤں اوربیٹیوں کوبہت بہت سلام۔انہوں نے کہا کہ علی نور نیازی کو الیکشن جیتنے پر آج عوام کے سامنے مبارکباد پیش کرتی ہوں میانوالی کے غیرت مند بھائیوں اوربزرگوں نے جس محبت سے نوازا میں سو گنا بڑھ کر انکی خدمت سے جواب دوں گی۔میرے گمان میں نہیں تھاکہ میانوالی کے لوگوں میں دوپہر دو بجے اتنا جذبہ دیکھنے کو آئے گا۔میانوالی پنجاب کے نقشے سے دور ہوسکتا ہے،مریم نوازشریف کے دل سے نہیں۔مریم نوازشریف نے کہا کہ دو سال میں تیسری،چوتھی مرتبہ میانوالی آچکی ہوں۔جب پہلی مرتبہ آئی تو میانوالی میں ترقی کے آثار ڈھونڈتی رہی۔میں کہتی ہوں کہ میری پیدائش میانوالی کی نہیں لیکن میرا دل میانوالی کا ہے۔عوام جانتے ہیں کہ مریم نواز ، نوازشریف کی بیٹی ہے، دعوے نہیں کام کرکے دکھاتی ہے۔میانوالی میں گرین بس،ستھرا پنجاب سڑکیں اورکیتھ لیب بارے کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھاکہ میانوالی میں فری دل کے امراض کا علاج ہوسکتا ہے۔دل کے امراض بڑھ گئے ہیں،میانوالی میں جو بیمار ہوتا تھا اس کو کہتے تھے اسے پنڈی یا لاہور گھن ونجوں،اب دہلیز پر علاج ہوگا۔مریم نواز شریف نے کہا کہ میانوالی میں جس معیار کی کیتھ لیب بنائی گئی کسی بڑے ملک میں بھی ایسا ہسپتال نہیں ہوگا۔کیتھ لیب کے دورے کے دوران ایک مزدور نے بتایا کہ دل کی تکلیف ہوئی فیصل آباد والوں نے چھ ماہ کا ٹائم دیا،یہاں 24گھنٹے میں علاج ہوگیا۔میانوالی والوں کو کیتھ لیب،گرین بس پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔گرین بس بزرگوں،طلبہ اوربچوں کیلئے بالکل فری ہے۔خواتین گرین بس پر علیحدہ اپارٹمنٹ میں مفت سفر کرسکتی ہیں۔مریم نواز شریف نے کہا کہ لوگ الزام لگاتے تھے کہ (ن) لیگ صرف لاہور میں ترقیاتی کام کرتی ہے،اب ہر شہر میں کام ہورہے ہیں۔مجھے خوشی ہے کہ میانوالی والوں کو علاج کی ضرورت کے لئے کسی کا محتاج نہیں ہونا پڑے گا۔میانوالی والوں کیلئے میڈیکل کالج کا تحفہ لائی ہوں،بچے ڈاکٹر بنیں گے اورخدمت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ میانوالی میں لاء کالج کھل جائے گا،وکالت پڑھنے کیلئے دوسرے شہروں میں نہیں جانا پڑے گا۔میانوالی میں محنتی کسان پنجاب کیلئے اناج اگاتے ہیں۔میانوالی میں زرعی کالج بھی بنائیں گے۔مریم نواز کے دل میں پنجاب کے شہریوں کیلئے کوئی تفریق نہیں۔میں نے میانوالی میں لوگوں کو انتہائی خوبصورت اورجدید بس سٹینڈ میں انتظارکرتے دیکھا۔خوشی ہوئی ۔مریم نواز شریف نے کہا کہ وہ دن گئے جب ووٹ میانوالی سے لیا جاتا تھا اورعوام کو رلنے کیلئے چھوڑ دیا جاتا تھا۔اب میانوالی والوں کو اپنے حق اورضرورت کیلئے کہیں اور نہیں جانا پڑے گا۔مریم نوازمیانوالی والوں کو حق دلائے گی۔آپ جانتے ہیں کہ مریم نوازجب وعدہ کرتی ہے تو پورا کرتی ہے۔دوسال میں عوام کیلئے اتنا کام کیا جتنا 20سال میں نہیں ہوا۔لاہور میں پنجاب بھر کے لوگوں نے آکر بسنت کی خوشیاں منائیں۔میانوالی کی مائیں،بہنیں اوربیٹیاں جانتی ہیں کہ پنجاب محفوظ صوبہ ہے۔مریم نوازشریف نے کہا کہ کسی کو میلی آنکھ سے دیکھا گیا تو مریم نواز معاف نہیں کرے گی۔آج اللہ کے فضل و کرم سے مائیں، بہنیں،بیٹیاں اوران کے گھر بھی محفوظ ہیں۔دوسال میں ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو اپنی چھت دی۔8لاکھ کسانوں کو ڈھائی سو ارب روپے زرعی مداخل کیلئے دئیے گئے۔پورے پنجاب میں ستھرا پنجاب کے ورکریکساں طورپرکام کررہے ہیں۔میں نے پولیس کو ڈانٹا ہے کہ کسی کو اوئے کہہ کر نہیں پکارنا،سر کہہ کربلایا جائے۔کوئی کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو عوام کے ساتھ ظلم و زیادتی کی اجازت نہیں دوں گی۔جن کے پاس روزگار نہیں انہیں پانچ، پانچ ایکڑ زرعی اراضی دیں گے۔جو دوسروں کی زمین پر کھیتی باڑی کرتے ہیں،اب اپنے لئے فصل اگائیں گے۔زرعی اراضی25سال کی لیز پر اورساتھ کسان کارڈ بھی دے رہے ہیں۔چاہتی ہوں کہ پنجاب کے عوام کے پاس اپنا روزگار ہو۔15لاکھ ورکروں اورکارکنوں کو راشن کارڈ دئیے تاکہ کسی کے بچے بھوکے نہ سوئیں۔انہوں نے کہا کہ میانوالی سمیت پورے پنجاب میں 30ہزار کلو میٹر سڑکوں کا جال بچھایا۔جہاں پینے کا پانی نہیں وہاں صاف پانی پہنچا رہے ہیں۔پنجاب کے ہسپتالوں میں ایک روپیہ نہیں لیتے دوائیاں اورآپریشن مفت ہورہے ہیں۔مریضوں کے گھر جا کر دو،دو ماہ کی مفت دوائی دی جاتی ہے۔اگر کسی کو فالج کا اٹیک ہوگا تو سرکاری ہسپتالوں میں مفت علا ج ہوگا۔40لاکھ لوگوں کے دروازے کھٹکھٹاکر رمضان کریم میں 10،10ہزار پہنچایا جائے گا۔25سال میں کاشتکاروں میں 20ہزارٹریکٹر ملے،ہم نے دو سال میں 21ہزار ٹریکٹر دیئے،مزید 10ہزار دے رہے ہیں۔ماضی میں تین ارب روپے کی زرعی مشینری دی گئی،ہم نے دو سال میں 60ارب روپے کی زرعی مشینری دی۔سپیشل افراد کو بھی مالی معاونت فراہم کررہے ہیں۔مریم نوازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تین سال اوردیئے،تو پنجاب کی قسمت اورنصیب بدل جائے گا۔میانوالی کے عوام اب روزاچھی خبر سنیں گے،اب کسی فراڈ کو ووٹ نہ دینا۔اب پنجاب کی سڑکیں،شہر،گاؤں،گھر گھر اوردل بھی چمکیں گے۔اس موقع پر مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھیں۔