ویں چولستان جیپ ریلی کا شاندار افتتاح قلعہ جام گڑھ میں، ثقافت اور کھیلوں کا رنگا رنگ میلہ سج گیا بہاولنگر:
21ویں چولستان جیپ ریلی کا شاندار افتتاح قلعہ جام گڑھ میں، ثقافت اور کھیلوں کا رنگا رنگ میلہ سج گیا
بہاولنگر:
21ویں چولستان جیپ ریلی کی افتتاحی تقریب قلعہ جام گڑھ میں شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ افتتاحی تقریب میں ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون، ڈی پی او کامران اصغر، ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری کاشف نوید، اسسٹنٹ کمشنر فورٹعباس متعلقہ محکموں کے افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا جبکہ مومن اسکول کے بچوں نے خوبصورت ٹیبلو پیش کر کے حاضرین کے دل موہ لیے۔ بچوں نے ڈھول کی تھاپ پر جھومر، پنجابی رقص، لڈی، گھوڑا ڈانس اور دیگر ثقافتی آئٹمز پیش کیے جسے شرکاء نے خوب سراہا۔ اس موقع پر روایتی سپورٹس ایونٹس کا بھی انعقاد کیا گیا جس سے میلے کا سماں بندھ گیا۔
ڈپٹی کمشنر ذوالفقار احمد بھون نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چولستان جیپ ریلی وزیراعلیٰ پنجاب کا ایک احسن اقدام ہے جس کا مقصد تاریخی قلعوں کی تعمیر و مرمت، ثقافتی ورثے کا تحفظ اور سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے ایونٹس سے نہ صرف علاقائی ثقافت کو تقویت ملتی ہے بلکہ مقامی معیشت بھی مستحکم ہوتی ہے۔
ایم پی اے چوہدری کاشف نوید نے اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب چولستان کی ترقی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس مکمل ہم آہنگی کے ساتھ ایونٹ کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنا رہی ہے۔
ڈی پی او کامران اصغر نے کہا کہ جیپ ریلی کے دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں اور تمام ادارے ہم وقت اور یکجان ہو کر فرائض انجام دے رہے ہیں تاکہ شرکاء اور سیاحوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے فوڈ اسٹالز اور مختلف انتظامی پوائنٹس کا تفصیلی دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر متعلقہ محکموں کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چولستان جیپ ریلی کے افتتاح کے ساتھ ہی علاقہ ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کا مرکز بن گیا ہے اور شہریوں میں زبردست جوش و خروش پایا جا رہا ہے۔