November 17, 2026

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت اجلاس

IMG-20260212-WA0224

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت اجلاس، سالانہ پھولوں کی نمائش کے تمام انتظامات مکمل سالانہ پھولوں کی نمائش 13 فروری سے شروع ہوگی، خاتونِ اول و رکنِ قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری افتتاح کریں گی ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت ڈی سی آفس کے دربار ہال میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں نوابشاہ کے ایچ ایم خواجہ گارڈن میں منعقد ہونے والی تین روزہ سالانہ پھولوں کی نمائش کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پھولوں کی نمائش کے ساتھ سائنسی اور ثقافتی نمائش کا انعقاد ضلع میں صحت مند سرگرمیوں کے فروغ، طلبہ کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور مقامی ثقافت کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ نمائش کا افتتاح 13 فروری کو خاتونِ اول و رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری کریں گی۔یہ تین روزہ نمائش 13 سے 15 فروری تک ایچ ایم خواجہ گارڈن میں جاری رہے گی۔ پہلے دن 13 فروری کو نمائش صرف خواتین کے لیے مخصوص ہوگی، 14 فروری کو عام افراد کے لیے کھلی ہوگی جبکہ 15 فروری کو صرف فیملیز کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ انتظامی امور، سکیورٹی، صفائی ستھرائی، ٹریفک کنٹرول، پارکنگ، اسٹالز کی ترتیب اور شریک اداروں سے روابط کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ پروگرام کو کامیاب بنایا جا سکےاجلاس میں سکیورٹی پلان، ہنگامی سہولیات، پینے کے صاف پانی، طبی امداد اور دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعلقہ افسران کو اپنی ذمہ داریاں ایمانداری سے انجام دینے کی ہدایت کی گئی۔انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے افسران کو ہدایت کی کہ نمائش کے دوران روزانہ کی بنیاد پر صفائی کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری حمیرہ میر، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز شہناز لاکو اور دیگر کمیٹی اراکین نے بتایا کہ نمائش کے انعقاد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پھولوں کی نمائش میں شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی، قائد عوام انجینئرنگ یونیورسٹی، پیپلز میڈیکل یونیورسٹی، محکمہ جنگلات، میونسپل کارپوریشن اور ضلعی انتظامیہ سمیت مختلف سرکاری و نجی ادارے شرکت کریں گے۔ تینوں دن مختلف سرکاری و نجی اسکولوں کے طلبہ کی جانب سے ٹیبلوز پیش کیے جائیں گے جبکہ سائنسی و ثقافتی اسٹالز بھی قائم کیے جائیں گے۔ڈپٹی کمشنر نے امید ظاہر کی کہ باہمی تعاون سے پھولوں، سائنسی اور ثقافتی نمائش کو شاندار اور یادگار بنایا جائے گا جو ضلع شہید بینظیرآباد کی شناخت میں مثبت اضافہ ثابت ہوگااجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صدام حسین میمن، ڈی ایس پی پولیس درتابش، میئر قاضی محمد رشید بھٹی، پی پی پی ضلع صدر محمد سالم زرداری، میر محمد سیال، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر مشتاق احمد زرداری، میونسپل کمشنر عبدالرزاق شیخ سمیت مختلف محکموں کے افسران اور نمائندگان نے شرکت کی بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عبدالصمد نظامانی نے ایچ ایم خواجہ گارڈن کا دورہ کرکے پھولوں کی نمائش کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔