.خبر شامل کرتے ہیں میلسی سے دعا ان لائن نیوز محمد عامر حسین قریشی سے مدرسہ سمیعہ للبنات
.خبر شامل کرتے ہیں میلسی سے دعا ان لائن نیوز محمد عامر حسین قریشی سے مدرسہ سمیعہ للبنات میں سالانہ پروگرام اور ختمِ بخاری شریف کی روح پرور تقریب منعقد ہوئی، جس میں علمائے کرام، اساتذہ، طالبات، والدین اور علاقہ معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالمِ دین مولانا پیرحبیب اللہ نقشبندی نے کہا کہ مدارسِ دینیہ اسلام کے مضبوط قلعے ہیں اور انہی مدارس کی بدولت اسلام آج بھی پوری آب و تاب کے ساتھ قائم ہے۔مولانا پیرحبیب اللہ نقشبندی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مدارس نے ہر دور میں دینِ اسلام کی حفاظت، اشاعت اور فروغ میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی اسلام کو کسی فکری یا عملی چیلنج کا سامنا ہوا تو مدارس اور علمائے حق نے قربانیاں دے کر دین کی شمع کو روشن رکھا۔ آج بھی قرآن و سنت کی تعلیمات کو خالص شکل میں آگے پہنچانے کا فریضہ مدارس ہی انجام دے رہے ہیں۔مولانا عبدالعزیز حسانی،مولانا محمد ہاشم صدیقی،مولنا محمد عمیر شاہین نے کہا کہ مدارس نہ صرف دینی علوم کا مرکز ہیں بلکہ یہ کردار سازی، اخلاقی تربیت اور معاشرے کو صالح افراد فراہم کرنے کا ذریعہ بھی ہیں۔ خاص طور پر طالبات کے مدارس آئندہ نسلوں کی دینی و اخلاقی بنیاد مضبوط کرنے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔تقریب کے اختتام پر بخاری شریف کی تکمیل پر خصوصی دعا کی گئی، جس میں ملک و قوم کی سلامتی، امتِ مسلمہ کی وحدت، مدارس دینیہ کی ترقی اور طالبات کی کامیابی کے لیے دعا کی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر طالبات میں اسناد اور انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔شرکاء نے مدرسہ سمیعہ للبنات کی انتظامیہ اور اساتذہ کی دینی خدمات کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ مدارس دینیہ کی سرپرستی اور تعاون جاری رکھا جائے گا۔