*سول ڈیفنس جھنگ کی سنگین غفلت، گیس سلنڈر دھماکے کے بعد ریسکیو نہ پہنچ سکا*
*سول ڈیفنس جھنگ کی سنگین غفلت، گیس سلنڈر دھماکے کے بعد ریسکیو نہ پہنچ سکا*
جھنگ بھکر روڈ پر چوکی علی آباد کے قریب ایک افسوسناک واقعے میں مسافر ہائی ایس وین میں نصب گیس سلنڈر کے اچانک دھماکے سے شدید آگ بھڑک اٹھی۔
وین اس وقت مسافروں سے بھری ہوئی تھی کہ یکایک زور دار دھماکے کے ساتھ آگ نے گاڑی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس سے موقع پر خوف و ہراس پھیل گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکے کے فوری بعد مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت آگ پر قابو پانے اور مسافروں کو نکالنے کی کوشش کی، تاہم تاحال موقع پر سول ڈیفنس، ریسکیو یا فائر بریگیڈ کا کوئی عملہ نہیں پہنچ سکا، جو متعلقہ اداروں کی سنگین غفلت اور ناقص ایمرجنسی ریسپانس کو ظاہر کرتا ہے۔
ابتدائی طور پر جانی و مالی نقصان سے متعلق کچھ کہنا قبل از وقت ہے، تاہم واقعے کی نوعیت کے پیشِ نظر قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
شہریوں نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اہم شاہراہ پر پیش آنے والے ایسے سنگین حادثے میں فوری ریسکیو سہولیات کی عدم دستیابی آخر کس کی ذمہ داری ہے؟
عوامی و سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت ریسکیو اور فائر فائٹنگ کا نظام فعال ہوتا تو ممکنہ نقصان کو کم کیا جا سکتا تھا۔
شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس جھنگ اس واقعے کی ذمہ داری قبول کریں اور ایمرجنسی سروسز کی کارکردگی کا فوری جائزہ لیا جائے، کیونکہ ایک بار پھر انتظامی لاپرواہی قیمتی جانوں کے ضیاع کا سبب بن سکتی ہے۔