November 17, 2026

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت شہید بینظیرآباد میں ایچ ایم خواجہ فلاور

IMG-20260206-WA0254

نوابشاہ (رپورٹ. انور عادل خانزادہ) ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت شہید بینظیرآباد میں ایچ ایم خواجہ فلاور شو، آرٹ، سائنس و ثقافتی نمائش 2026 کے انعقاد کے لیے جاری تیاریوں کے سلسلے میں اعلیٰ سطحی اجلاس. پھولوں کی نمائش 13 سے 15 فروری تک ایچ ایم خواجہ گارڈن میں جاری رہے گی ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد عبدالصمد نظامانی کی زیر صدارت شہید بینظیرآباد میں 13 فروری سے منعقد ہونے والا سالانہ فلاور شو، آرٹ، سائنس و ثقافتی نمائش 2026 کے انعقاد کی جاری تیاریوں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس ڈی سی آفس کے دربار ہال میں منعقد ہوا اجلاس میں نمائش کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا جن میں فلاور شو کے انتظامات، پارکس اور نمائش گاہوں کی تزئین و آرائش، پھولوں کی کاشت و نمائش، آرٹ اور سائنس کے تعلیمی اسٹالز، ثقافتی پروگرامز، فوڈ اسٹریٹس، بچوں اور فیملیز کے لیے تفریحی سرگرمیاں شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر نے سیکیورٹی اداروں کو فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ داخلی و خارجی راستوں پر موثر نگرانی، واک تھرو گیٹس، ٹریفک مینجمنٹ اور پارکنگ کے مناسب انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے میونسپل انتظامیہ کو صفائی ستھرائی، لائٹنگ، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات بروقت فراہم کرنے کی ہدایات بھی دیں۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بختاور کیڈٹ کالج سمیت دیگر سرکاری و نجی تعلیمی ادارےآرٹ، سائنس اور ثقافتی اسٹالز لگائیں گے جبکہ جنگلات اور سوشل فاریسٹری کے محکمے شجرکاری اور ماحولیات سے متعلق خصوصی اسٹالز قائم کریں گے۔ شوگر ملز اور دیگر صنعتی اداروں کو بھی فلاور شو میں بھرپور شرکت کی ہدایت کی گئی ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ایچ ایم خواجہ سالانہ فلاور شو نہ صرف شہید بینظیرآباد کی ثقافتی پہچان ہے بلکہ یہ نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور عوام کو مثبت تفریح فراہم کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے تمام محکموں پر زور دیا کہ وہ باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ ذمہ داری کے ساتھ اس ایونٹ کو کامیاب بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پھولوں کی نمائش میں چند روز رہ گئے ہیں اس لیے جاری انتظامات کو تیز کیا جائے تاکہ منعقدہ تاریخ پر پھولوں کی نمائش شروع ہوسکے اور شہریوں کو تفریح کے مواقعوں کی فراہمی ممکن ہوسکے اجلاس میں بختاور کیڈٹ کالج کے علاوہ مختلف یونیورسٹیز اور اسکولوں کی جانب سے سائنسی، ثقافتی اسٹالوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی اجلاس میں ڈائریکٹر ایجوکیشن سیکنڈری ریاض احمد اجن، ڈائریکٹر اسکول پرائمری دین محمد پٹھان، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری حمیرا میر، ڈسٹرکٹ فاریسٹ آفیسر مشتاق احمد زرداری، چائلڈ پروٹیکشن آفیسر ذوالفقار رند کے علاوہ دیگر مختلف محکموں کے افسران نے شرکت کی۔