November 17, 2026

ڈی جی سوشل ویلفیئر بلوچستان کا پیراپلیجک سنٹر پشاور کا تفصیلی دورہ۔

IMG-20260206-WA0229

ڈی جی سوشل ویلفیئر بلوچستان کا پیراپلیجک سنٹر پشاور کا تفصیلی دورہ۔

اس موقع پر پیراپلیجک سنٹر کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے وفد کو ادارے کے قیام کے بارے میں بریفنگ دی۔

پشاور(نمائندہ خصوصی)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے پیراپلیجک سنٹر پشاور کے گریجوئیٹ ابابیل ترین کی دیرینہ خواہش اور معروف سماجی کارکن محترم محمد انور پانیزئی کی تجویز پر، صوبائی سیکرٹری سوشل ویلفیئر بلوچستان محترم عصمت اللہ قریشی کی ہدایات کے تحت، ڈائریکٹر جنرل سوشل ویلفیئر بلوچستان محترم ناصر دوتانی نے پرسوں پیراپلیجک سنٹر پشاور کا تفصیلی دورہ کیا۔اس دورے کا بنیادی مقصد بلوچستان، بالخصوص کوئٹہ میں، پیراپلیجک سنٹر پشاور کی طرز پر ایک کمپریہینسو فزیکل ریہیبلیٹیشن انسٹیٹیوٹ کے قیام کے امکانات، عملی پہلوؤں اور ادارہ جاتی ماڈل کا جائزہ لینا تھا۔یہ دورہ اس امر کی عکاسی کرتا ہے کہ اب معذوری کو محض فلاحی مسئلہ نہیں بلکہ ایک جامع طبی، سماجی اور ترقیاتی چیلنج کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے حل کے لیے مربوط پالیسی، ادارہ جاتی ڈھانچے اور تربیت یافتہ انسانی وسائل کی ضرورت ہے۔دورے کے دوران پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سید محمد الیاس نے وفد کو ادارے کے قیام کے پس منظر، وژن، گورننس اسٹرکچر، جامع بحالی (Comprehensive Rehabilitation) کے عملی ماڈل، فزیکل میڈیسن، فزیوتھراپی، اسکلز ڈویلپمنٹ، سائیکوسوشل ریہیبلیٹیشن اور خصوصی افراد کو خودمختار شہری بنانے کے منظم طریقۂ کار پر تفصیلی بریفنگ دی۔انہوں نے واضح کیا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور کا ماڈل علاج تک محدود نہیں بلکہ بحالی، خود انحصاری اور سماجی شمولیت پر مبنی ایک مکمل نظام ہے۔ڈاکٹر سید محمد الیاس نے اس موقع پر کہا کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور کا محض ایک ادارہ نہیں بلکہ ایک مشن ہے، جس کا مقصد خصوصی افراد کو ہمدردی کے بجائے وقار، مہارت اور خود اعتمادی فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اگر بلوچستان میں اسی طرز کے ادارے کے قیام کے لیے تکنیکی، انتظامی یا پیشہ ورانہ تعاون درکار ہوا تو وہ اور ان کا ادارہ پوری دیانت داری سے اپنا کردار ادا کریں گے۔دورے کے موقع پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پیراپلیجک سنٹر پشاور کے گریجوئیٹس کی موجودگی اس ماڈل کی عملی کامیابی کا واضح ثبوت ہے۔کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے ابابیل ترین، جو تین سال قبل ایک مسلح حملے میں زخمی ہو کر مستقل معذوری کا شکار ہوئے، اور ضلع دُکی سے تعلق رکھنے والی بے بی آصفہ، جو اندھی گولی کا نشانہ بن کر معذور ہوئیں، اس حقیقت کی نمائندگی کرتے ہیں کہ اگر بروقت اور جامع بحالی سہولتیں میسر ہوں تو شدید معذوری کے باوجود باوقار اور فعال زندگی ممکن ہے۔ابابیل اور آصفہ کی جدوجہد اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور نے محض علاج نہیں کیا بلکہ افراد کو ریہیبلیٹیٹ کر کے دوبارہ معاشرے کا کارآمد حصہ بنایا۔ یہی ماڈل بلوچستان جیسے پسماندہ اور وسائل سے محروم صوبے میں وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔وفد نے ادارے میں داخل مریضوں سے تفصیلی گفتگو کی، ان کے تجربات کو سنا، اور اس عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں خصوصی افراد کے لیے اسی نوعیت کا جامع ادارہ قائم کرنے کی ضرورت کو اب پالیسی سطح پر آگے بڑھایا جائے گا۔ وفد نے یقین دہانی کرائی کہ اس حوالے سے چیف سیکرٹری بلوچستان اور وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے ساتھ مشاورت کے بعد عملی پیش رفت کی جائے گی۔آخر میں ڈاکٹر سید محمد الیاس نے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب ریاستی ادارے وژن، خلوص اور پیشہ ورانہ دیانت کے ساتھ سماجی شعبے میں قدم رکھتے ہیں تو اس کے نتائج محض اداروں تک محدود نہیں رہتے بلکہ پوری نسلوں کی زندگی بدل دیتے ہیں۔ انہوں نے اس دورے کو بلوچستان کے خصوصی افراد کے لیے ایک مثبت اور امید افزا پیش رفت قرار دیا۔