کمشنر ہاؤس پشاور میں خواتین آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
کمشنر ہاؤس پشاور میں خواتین آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
خواتین کے حقوق، ہراسانی کے خاتمے اور وراثتی جائیداد میں حصہ دلانے کیلئے مؤثر اقدامات کا اعلان۔
پشاور(نمائندہ فاطمہ جعفر)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود اور خیبر پختونخوا کی پہلی خاتون صوبائی محتسب رباب مہدی کی زیر صدارت کمشنر ہاؤس پشاور میں خواتین کے حقوق سے متعلق ایک اہم آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار میں پشاور ڈویژن کے پانچوں اضلاع کے ضلعی انتظامیہ کے افسران، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اور سماجی نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی محتسب رباب مہدی نے خواتین کو درپیش مسائل، ہراسانی کے واقعات، وراثتی جائیداد میں حق دلانے اور دیگر قانونی معاملات کے حل کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے براہِ راست صوبائی محتسب کے دفتر واقع بینوولنٹ فنڈ بلڈنگ، پشاور کینٹ میں درخواست دائر کر سکتی ہیں اور اس سلسلے میں وکیل کی ضرورت نہیں ہوتی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ ہفتے صوبہ بھر کی خواتین کیلئے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ ان کے مسائل سنے جا سکیں اور فوری حل کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر خواتین نے اپنے حقوق اور قانونی معاملات سے متعلق سوالات بھی کیے جن کے تسلی بخش جوابات دیے گئے اور ہر ممکن معاونت کی یقین دہانی کرائی گئی۔کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے اپنے خطاب میں کہا کہ خواتین کے بغیر پائیدار اور ترقی یافتہ معاشرے کا تصور ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا یہ آگاہی سیمینار ایک مثبت تبدیلی کا آغاز ہے اور خواتین کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ معاشرے کی ترقی میں مردوں کے شانہ بشانہ اہم کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں خواتین کے حقوق کو نظر انداز کیا گیا، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ انہیں مساوی مواقع فراہم کیے جائیں۔ اگر خواتین کو برابر کے مواقع ملیں تو وہ مردوں سے بہتر کارکردگی دکھا سکتی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ اور آگاہی کیلئے کھلی کچہریوں کا انعقاد یونین کونسل کی سطح تک کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین مستفید ہو سکیں۔سیمینار کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ خواتین کے ساتھ ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خاتمے اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے تمام ادارے مشترکہ طور پر مؤثر اقدامات جاری رکھیں گے۔