پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ورلڈکپ کے پہلے مرحلے میں کامیاب ہونا ایک چیلنج بن گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے ورلڈکپ کے پہلے مرحلے میں کامیاب ہونا ایک چیلنج بن گیا ہے۔
بھارت کے میچ کا بائیکاٹ کرنے کے بعد آئی سی سی کے پلیئنگ کنڈیشنز کی شق 16.10.7 کے تحت جو ٹیم میدان میں نہیں اترتی وہ میچ سے دستبردار تصور ہوتی ہے۔ اس کے نتیجے میں پاکستان کو بھارت کے خلاف میچ کے دو پوائنٹس سے محروم ہونا پڑے گا۔ مزید یہ کہ پاکستان کی اننگز کے مکمل 20 اوورز نیٹ رن ریٹ کے حساب میں شامل کیے جائیں گے، جس سے اس کا نیٹ رن ریٹ نمایاں طور پر متاثر ہوگا۔
دوسری جانب بھارت کو اس میچ کے مکمل پوائنٹس ملیں گے اور اس کے نیٹ رن ریٹ پر اس میچ کا کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
کوالیفکیشن کا فارمیٹ بھی پاکستان کی مشکلات میں اضافہ کر رہا ہے۔ ٹورنامنٹ میں 20 ٹیموں کو پانچ پانچ ٹیموں کے چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں سے ہر گروپ کی دو بہترین ٹیمیں سپر ایٹ مرحلے میں پہنچیں گی۔
دو پوائنٹس گنوانے کے بعد اب پاکستان کے پاس باقی گروپ میچز میں غلطی کی کوئی گنجائش نہیں رہی۔
پاکستان گروپ اے میں بھارت، نیدرلینڈز، امریکا اور نمیبیا کے ساتھ شامل ہے، اور پانچوں ٹیموں کے گروپ میچز کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔
پاکستان اپنی مہم کا آغاز ہفتہ 7 فروری کو کولمبو میں نیدرلینڈز کے خلاف صبح 10:30 بجے کرے گا، اس کے بعد 10 فروری کو امریکا اور 18 فروری کو نمیبیا کے خلاف میچ کھیلے گا، جبکہ 15 فروری کا بھارت کے خلاف میچ منسوخ ہوچکا ہے۔
موسمی حالات نے تشویش میں مزید اضافہ کردیا ہے۔
بی بی سی ویدر کے مطابق ہفتہ 7 فروری کو گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ دن بھر ہلکی ہوائیں چلنے کی پیش گوئی ہے۔ دوپہر سے شام کے دوران بارش کا زیادہ امکان ہے۔
اگر بارش کے باعث میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو پاکستان کی کوالیفائی کرنے کی امیدوں کو مزید دھچکا لگ سکتا ہے۔ بھارت کے خلاف پوائنٹس کے نقصان کے بعد پاکستان کو ممکنہ طور پر باقی تینوں میچز جیتنے کے ساتھ اپنا نیٹ رن ریٹ بھی نمایاں طور پر بہتر بنانا ہوگا۔
پوائنٹس کا مزید نقصان، چاہے بارش کے باعث ہو یا شکست کی صورت میں، پاکستان کو دیگر ٹیموں کے نتائج پر انحصار کرنے پر مجبور کر دے گا، جو بڑے ٹورنامنٹس میں اکثر گرین شرٹس کے لیے دردِ سر بنتا رہا ہے۔