November 17, 2026

ٹھٹہ(رپورٹ ) عبدالعزیز شیخ ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی اور ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو نے ڈپٹی کمشنر سرمد

IMG-20260204-WA0272

ٹھٹہ(رپورٹ )
عبدالعزیز شیخ
ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی اور ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو نے ڈپٹی کمشنر سرمد علی بھاگت، ایس ایس پی فاروق احمد بجارانی اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ ضلع ٹھٹھہ میں جاری پولیو مہم کے سلسلے میں مختلف ٹرانزٹ پوائنٹس کا دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات سمیت پولیو ٹیموں کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر کمشنر اور ڈی آئی جی نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کیلئے تمام ادارے باہمی تعاون سے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی کیلئے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں تاکہ ملک کو پولیو فری بنایا جا سکے۔ بعد ازاں انہوں نے شہید عظیم انڑ ویم گھر کا دورہ کرکے صحت کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے متعلقہ ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ہدایت کی کہ عوام، خصوصاً غریب اور نادار افراد کو بروقت اور معیاری علاج کی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے عجائب گھر اور پیر حسام الدین شاہ راشدی پبلک لائبریری کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود تاریخی نوادرات اور نایاب کتب کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ تاریخی ورثے کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے اور عجائب گھروں کی بہتری سے نئی نسل کو اپنی تاریخ اور ثقافت سے آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ علمی و ادبی ادارے معاشرے کی فکری بنیادوں کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں جبکہ ایسے علمی مراکز نوجوانوں کی فکری اور ذہنی تربیت میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، جن کے فروغ پر حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ڈویزنل کمشنر اور ڈی آئی جی نے تمام متعلقہ افسران کے ہمراہ اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کرکے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ضلع میں کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ نوجوانوں کو سماجی برائیوں اور منشیات سے بچا کر صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو اسپورٹس سہولیات کو فعال اور مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔