اروڑ یونیورسٹی میں سندھ کی تہذیب کے موضوع پر دو روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد
اروڑ یونیورسٹی میں سندھ کی تہذیب کے موضوع پر دو روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد
ملکی و غیر ملکی ماہرین کی شرکت، سندھ کی قدیم تاریخ اور موہنجو دڑو پر تحقیقی مقالے پیش
سکھر (بیورورپورٹ سید نصیر حسین زیدی دعا ان ماہرین نیوز)اروڑ یونیورسٹی سکھر میں سندھ کی تہذیب کے موضوع پر دو روزہ عالمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، جس میں ملک اور بیرونِ ملک سے تعلق رکھنے والے نامور ماہرینِ آثارِ قدیمہ، محققین، دانشوروں اور جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معروف بین الاقوامی ماہرِ آثارِ قدیمہ ڈاکٹر اسٹیوو بونٹا نے کہا کہ سندھ کی تاریخ نہایت شاہوکار اور قدیم ہے، جس کی واضح مثال موہنجو دڑو کے آثار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موہنجو دڑو سے نکاسیٔ آب (ڈرینیج)، سیوریج سسٹم اور باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت تعمیرات کے شواہد ملے ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ اس دور کی تہذیب انتہائی ترقی یافتہ تھی۔لمس لاہور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ارشد احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ سندھ کی تہذیب دنیا کی شاہوکار تہذیبوں میں شمار ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی سرزمین سے گزرنے والا دریائے سندھ نہ صرف اس خطے کی معیشت بلکہ تہذیب و تمدن کا بنیادی ستون رہا ہے، جس میں ہمالیہ اور مختلف آبشاروں کا پانی شامل ہو کر اس تہذیب کو زندگی بخشتا رہا۔عالمی کانفرنس سے ڈاکٹر مانسون منڈیلا، ڈاکٹر الفانیو ڈائو، نورجہاں بلگرامی سمیت دیگر ملکی و غیر ملکی اسکالرز نے بھی خطاب کیا اور سندھ کی قدیم تاریخ، ثقافت اور تہذیبی ورثے پر اپنے تحقیقی خیالات کا اظہار کیا۔کانفرنس سے پروفیسر ڈاکٹر زاہد کھنڈ (وائس چانسلر اروڑ یونیورسٹی)، ثمرین حسین (وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی کراچی)، پروفیسر نوید احمد شیخ (وائس چانسلر شیخ ایاز یونیورسٹی شکارپور) سمیت دیگر معزز مہمانوں نے بھی خطاب کیا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ سندھ کی تہذیب اور تاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کے لیے تحقیق، تعلیم اور عالمی سطح پر آگاہی کی اشد ضرورت ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر شرکاء نے اروڑ یونیورسٹی کی جانب سے اس علمی کاوش کو سراہتے ہوئے اسے سندھ کی تہذیبی شناخت کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔