ٹھٹہ (رپورٹ )عبدالغزیز شیخ منشیات کی لعنت نے ایک اور پورا گھر اجاڑ دیا
ٹھٹہ (رپورٹ )عبدالغزیز شیخ
منشیات کی لعنت نے ایک اور پورا گھر اجاڑ دیا
ضلع ٹھٹہ کی یونین کونسل ٹنڈو حافظ شاہ، دیہہ کیٹی کوسا میں دل دہلا دینے والا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں تیس سالہ نوجوان رکو کوسو نے منشیات کا عادی اور ذہنی توازن درست نہ ہونے کے باعث انتہائی وحشیانہ اقدام کر ڈالا۔ تفصیلات کے مطابق ملزم نے اپنی اہلیہ اور بچوں پر کلہاڑی سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اس کی اہلیہ اور تین بیٹیاں موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں، جبکہ ایک بیٹا اور دو بیٹیاں شدید زخمی ہو گئیں، جنہیں تشویشناک حالت میں حیدرآباد کے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔واقعے کے بعد ملزم نے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی۔ افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس اور سوگ کی فضا چھا گئی۔یہ دلخراش واقعہ ایک بار پھر اس تلخ حقیقت کی نشاندہی کرتا ہے کہ منشیات نہ صرف ایک فرد بلکہ پورے خاندان کو تباہ کر دیتی ہیں۔ علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ ایسے المناک سانحات کا سدباب ہو سکے۔