محکمہ اطلاعات سندھ ضلع ٹھٹھہ ٹھٹھہ : 31 جنوری 2026 (ھ.آ ) گورنمنٹ گرلز ہائی
محکمہ اطلاعات سندھ ضلع ٹھٹھہ
ٹھٹھہ : 31 جنوری 2026 (ھ.آ ) گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول غریب دھابیجی میں طالبات کی صحت، بہتر نشوونما اور آگاہی کے فروغ کے لیے ہیلتھی فوڈ اور صحت آگاہی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا مقصد بچوں میں صحت مند غذا کے استعمال، صاف پانی پینے، صفائی ستھرائی اور جسمانی سرگرمیوں کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا ۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سیکنڈری حضور بخش خاصخیلی ، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر میرپور ساکرو نسرین پلیجو اور ڈی ڈی ای او زینب شاہین نے خصوصی شرکت کی ۔ اس موقع پر قریبی اسکولوں کے ہیڈ ماسٹرز ، اساتذہ ، طالبات اور والدین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی ۔ پروگرام کے دوران طالبات اور اساتذہ کی جانب سے مختلف آگاہی اسٹالز قائم کیے گئے ، جہاں صحت مند خوراک ، جنک فوڈ کے نقصانات ، صاف پانی کی اہمیت ، ہاتھ دھونے کے درست طریقے اور صفائی ستھرائی سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں ۔ طالبات نے کچن گارڈننگ ، موسمی پھلوں ، خشک میوہ جات اور قدرتی مشروبات کے فوائد پر بھی روشنی ڈالی ۔ اس کے ساتھ ساتھ کھیلوں کے مقابلے بھی منعقد کیے گئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ہیڈ مسٹریس عظمیٰ رحمان نے کہا کہ بچوں کی بہتر صحت کا انحصار متوازن اور صحت مند غذا پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک بچے صاف ستھری اور اچھی غذا استعمال نہیں کریں گے ، اس وقت تک ایک صحت مند معاشرے کی تشکیل ممکن نہیں ۔ انہوں نے والدین اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کو جنک فوڈ سے دور رکھیں اور قدرتی و گھریلو غذا اپنانے کی ترغیب دیں ۔ تقریب کے اختتام پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے معزز مہمانوں اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا گیا ۔ یہ پروگرام بچوں اور والدین دونوں کے لیے صحت اور تعلیم سے متعلق ایک مثبت اور مؤثر آگاہی کا ذریعہ ثابت ہوا ۔