September 1, 2026
google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0

سکھر کی عدالت کا بڑا حکم ون فائیو پولیس انچارج کاشف چنہ سمیت 15 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت

IMG-20260129-WA0265
google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0

سکھر کی عدالت کا بڑا حکم ون فائیو پولیس انچارج کاشف چنہ سمیت 15 اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت

سکھر (بیورورپورٹ)سکھر کی ایڈیشنل سیشن جج کی عدالت نے ون فائیو پولیس کے انچارج کاشف چنہ، رجب علی گھمرو، غفار میرانی سمیت مجموعی طور پر 15 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت نے یہ حکم شہری کی جانب سے دائر کردہ فریاد پر شواہد اور دلائل سننے کے بعد جاری کیا۔تفصیلات کے مطابق بیراج روڈ پر واقع جیلانی ہوٹل کے مالک سید ولایت علی شاہ جیلانی نے عدالت میں دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ ون فائیو پولیس کے انچارج کی سربراہی میں اہلکار روزانہ کی بنیاد پر قانون سے ماورا اقدامات کر رہے ہیں، جس کے باعث شہریوں کی جان، مال اور عزت محفوظ نہیں رہی۔
فریادی کے مطابق 23 دسمبر کو ون فائیو پولیس کے اہلکاروں نے غیر قانونی طور پر بیراج روڈ پر واقع جیلانی ہوٹل میں داخل ہو کر شدید توڑ پھوڑ کی، ہوٹل کے ملازمین کو تشدد کا نشانہ بنایا، لاکر توڑ کر 18 لاکھ روپے نقدی، موبائل فونز اور دیگر سامان چھین لیا۔ اس دوران ہوٹل کے منیجر منیر احمد کو بھی زبردستی اپنے ساتھ لے جایا گیا، جسے رات گئے بغیر کسی قانونی کارروائی کے رہا کیا گیا۔سید ولایت علی شاہ نے عدالت کو بتایا کہ جب لوٹی گئی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا تو انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں اور کہا گیا کہ اگر دوبارہ رقم مانگی گئی تو جھوٹے مقدمات میں جیل بھیج دیا جائے گا۔درخواست گزار کے مطابق اگلے روز منیر احمد اپنی رقم کی واپسی کے لیے ون فائیو پولیس کے انچارج کاشف چنہ کے پاس گیا تو پولیس اہلکاروں نے اسے دوبارہ شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور غیر قانونی طور پر حراست میں رکھا۔
فریادی نے بتایا کہ انہوں نے اے سیکشن پولیس اور اے ایس پی سٹی سکھر کو درخواست دے کر ایف آئی آر کے اندراج اور لوٹی گئی رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا، تاہم کارروائی کے بجائے پولیس نے ان کے منیجر منیر احمد کے خلاف مبینہ طور پر جھوٹے الزامات پر مبنی ایف آئی آر نمبر 432/2025 درج کر دی۔
عدالت میں تمام شواہد اور دستاویزات پیش کیے جانے کے بعد معزز عدالت نے سیکشن 22-ا اور 22-بی ضابطہ فوجداری کے تحت ایس ایس پی سکھر کو ہدایت کی کہ ون فائیو پولیس کے انچارج سمیت ملوث اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ عدالت نے پولیس حکام سے مبینہ سنگین خلاف ورزیوں پر تفصیلی رپورٹ بھی طلب کر لی ہے۔عدالتی حکم کے بعد شہری حلقوں میں اس فیصلے کو قانون کی بالادستی اور انصاف کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

google.com, pub-9673306505872210, DIRECT, f08c47fec0942fa0