میلسی (بیو رو چیف )ریڑھی بازار میں اسٹالز کی الاٹمنٹ کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جہاں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور دیگر
میلسی (بیو رو چیف )ریڑھی بازار میں اسٹالز کی الاٹمنٹ کے عمل میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے، جہاں چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور دیگر متعلقہ اہلکاروں پر اختیارات کے ناجائز استعمال اور مالی بدعنوانی کے الزامات عائد کیے جا رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مال بنانے کی غرض سے ڈسٹرکٹ کونسل کی اراضی پر میونسپل کمیٹی نے ریڑھی بازار قائم کر دیا، حالانکہ متعلقہ ادارے کی جانب سے باضابطہ نمائندگی بھی موجود نہ تھی۔تفصیلات کے مطابق ریڑھی بازار میں اصل مستحق ریڑھی مالکان کو نظر انداز کرتے ہوئے تین بوگس ناموں، سات دکانداروں اور ایک سرکاری ملازم کو اسٹالز الاٹ کر دیے گئے۔ متاثرہ ریڑھی مالکان محمد ارشد، محمد خالد سمیت دیگر نے ریڑھی بازار کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اور عملہ ریڑھی بازار کے نام پر منظم طریقے سے مال بنانے میں مصروف ہے۔مظاہرین نے بتایا کہ ابتدائی سروے کے دوران فہرست میں نام شامل کرنے کے لیے مبینہ طور پر رقم وصول کی گئی، جبکہ اب نیلامی کے نام پر اصل ریڑھی مالکان کو نظر انداز کر کے من پسند افراد کو فائدہ پہنچایا گیا۔ ان کا کہنا تھا کہ نیلامی کے ہر باکس میں من مانے اور غیر مستحق نام شامل کیے گئے۔ایک ریڑھی مالک نے انکشاف کیا کہ مضبوط اور معیاری اسٹالز کی اجازت دینے کی بجائے چیف آفیسر ناقص پائپ سے بنے اسٹال کے عوض 18 ہزار 500 روپے وصول کر رہا ہے، جبکہ یہی اسٹال مارکیٹ میں تقریباً 8 ہزار 500 روپے میں تیار ہو جاتا ہے۔ ایک اور ریڑھی مالک نے الزام لگایا کہ مصروف بازار قائداعظم کے ریڑھی مالکان کو مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا جو کہ ان کے معاشی استحصال کے مترادف ہے۔ریڑھی مالکان نے مزید کہا کہ نیلامی کے دوران تاجر رہنما صرف فوٹو سیشن تک محدود رہے اور عملی طور پر نیلامی کے عمل کی نگرانی نہیں کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر سعد بن خالد نے معاملے کے حل کی یقین دہانی کروائی تھی، تاہم تاحال کوئی عملی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ذرائع کے مطابق مذکورہ اراضی ڈسٹرکٹ کونسل کی ملکیت ہے، مگر نیلامی کے وقت ڈسٹرکٹ کونسل کا کوئی نمائندہ موجود نہیں تھا، جبکہ اب معاہدہ میونسپل کمیٹی کے نام کروانے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔دوسری جانب میونسپل کمیٹی کے ذمہ دار افسر نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ریڑھی بازار کی نیلامی حکومتی احکامات کے مطابق اور شفاف طریقے سے کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام الزامات بے بنیاد ہیں اور جلد ہی ریڑھی بازار کو مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا۔