October 26, 2026

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن خوشاب ملک شاہد اقبال — حسنِ کارکردگی کی روشن مثال خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20260122-WA0186

اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایجوکیشن خوشاب ملک شاہد اقبال — حسنِ کارکردگی کی روشن مثال

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی

عاطف

محکمہ تعلیم کسی بھی معاشرے کی فکری اور تہذیبی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے اور اس شعبے سے وابستہ افراد دراصل قوم کے مستقبل کی بنیاد رکھتے ہیں۔ ایسے ہی باصلاحیت، محنتی اور فرض شناس افسران میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر سی ای او ایجوکیشن آفس خوشاب ملک شاہد اقبال کا نام نمایاں طور پر لیا جاتا ہے، جنہیں ان کی مثالی خدمات کے اعتراف میں جوہرآباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران ایکس سی ای او ایجوکیشن خوشاب رانا شبیر احمد صابری اور سی ای او ایجوکیشن محمد عیسی ا لالی کی طرف سے بیسٹ پرفارمنس سسرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا۔
ملک شاہد اقبال نے اپنی پیشہ ورانہ زندگی میں ہمیشہ دیانت داری، نظم و ضبط اور احساسِ ذمہ داری کو مقدم رکھا۔ وہ محض ایک انتظامی افسر ہی نہیں بلکہ تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے متحرک اور عملی کردار ادا کرنے والی شخصیت ہیں۔ دفتری امور کی انجام دہی کے ساتھ ساتھ تعلیمی اداروں کی مسلسل مانیٹرنگ، اساتذہ کرام کی رہنمائی اور طلبہ کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے میں ان کی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ ملک شاہد اقبال کی سرکاری تعلیمی اداروں کے سربراہ اور بطور ماسٹر ٹرینر محکمہ ءتعلیم ضلع خوشاب کےلیے گرانقدر خدمات ہیں۔ موصوف نہایت ہردلعزیز ،پروقار، بردبار،ملنسار ، ہنس مکھ، معاملہ فہم اور خوش اخلاق طبیعت کے مالک ہیں. اللہ تعالیٰ نے آپ کو اعلی ا انتظامی صلاحیتیں ودیعت کی ہیں۔
ان کی نگرانی میں اسکولوں میں نظم و ضبط، تعلیمی ماحول اور انتظامی شفافیت میں واضح بہتری دیکھنے میں آئی۔ حکومتی تعلیمی پالیسیوں پر مؤثر عملدرآمد، اساتذہ کرام کی حاضری کو یقینی بنانا اور مسائل کے بروقت حل کے لیے ان کی کوششیں ان کی پیشہ ورانہ بصیرت کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔ وہ ماتحت عملے کے ساتھ خوش اخلاقی اور تعاون پر یقین رکھتے ہیں جس کے باعث دفتری کارکردگی میں مزید بہتری پیدا ہوئی۔
بیسٹ پرفارمنس سرٹیفیکیٹ کی عطائیگی اس حقیقت کا اعتراف ہے کہ ملک شاہد اقبال نے اپنی ذمہ داریوں کو خلوصِ نیت اور لگن کے ساتھ انجام دیا۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کی انفرادی محنت کا صلہ ہے بلکہ محکمہ تعلیم کے دیگر افسران اور ملازمین کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا مثال ہے کہ محنت، دیانت داری اور فرض شناسی کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔
یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ ملک شاہد اقبال جیسے افسران محکمہ تعلیم کا قیمتی سرمایہ ہیں۔ ان کی خدمات اور کارکردگی نئی نسل کے روشن مستقبل کی ضمانت ہیں۔ دعا ہے کہ وہ آئندہ بھی اسی جذبے اور عزم کے ساتھ تعلیم کے فروغ کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں اور مزید کامیابیاں اپنے نام کریں۔ آمین