November 17, 2026

سکھر/خیرپور میرس(بیورورپورٹ)وفاقی محتسبِ اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کی خصوصی ہدایت پر وفاقی محتسب سیکریٹریٹ ریجنل آفس سکھر کے زیرِ

IMG-20260120-WA0205

سکھر/خیرپور میرس(بیورورپورٹ)وفاقی محتسبِ اعلیٰ اعجاز احمد قریشی کی خصوصی ہدایت پر وفاقی محتسب سیکریٹریٹ ریجنل آفس سکھر کے زیرِ اہتمام سرکٹ ہاؤس خیرپور میں ’’آؤٹ ریچ شکایات سماعت‘‘ (OCR) کا انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف وفاقی اداروں کے خلاف موصول ہونے والی 120 سے زائد شکایات پر تفصیلی سماعت کی گئی۔ایسوسی ایٹ ایڈوائزر وفاقی محتسب ڈاکٹر عبدالوحید اندھڑ نے بتایا کہ آؤٹ ریچ شکایات سماعت کے دوران جن اداروں کے خلاف درخواستیں موصول ہوئیں، ان میں سیپکو (بجلی بلوں میں غیر قانونی کٹوتیاں اور اوور بلنگ)، ایف آئی اے، سائبر کرائم ونگ، ای او بی آئی، پی ٹی سی ایل، نادرا اور پاسپورٹ آفس شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کو یقینی بناتے ہوئے 80 سے زائد درخواستوں کو موقع پر ہی حل کر دیا گیا۔ڈاکٹر عبدالوحید اندھڑ کے مطابق اس مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 10 لاکھ روپے سے زائد کا مالی فائدہ متاثرہ شہریوں کو پہنچایا گیا، جس سے وفاقی محتسب کے ادارے کی عوام دوست پالیسیوں اور شفاف نظام کی عملی عکاسی ہوتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آؤٹ ریچ سماعت کا مقصد عوام کو ان کی دہلیز پر فوری اور بلا معاوضہ انصاف فراہم کرنا ہے تاکہ دور دراز علاقوں کے شہریوں کو شکایات کے اندراج اور پیروی میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر سیپکو کے ایس ڈی او سید محمد نقی شاہ، ایس ڈی او ثناء اللہ جامڑو، وفاقی محتسبِ اعلیٰ کے نمائندے انفع خان، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات خیرپور سید ساجد حسین شاہ سمیت مختلف وفاقی محکموں کے اعلیٰ افسران موجود تھے، جنہوں نے شکایات کے ازالے کے عمل میں بھرپور تعاون کیا۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے آؤٹ ریچ پروگرامز سے عوام کے مسائل بروقت حل ہو رہے ہیں اور اداروں کی کارکردگی میں بہتری کے ساتھ ساتھ عوام کا اعتماد بھی بحال ہو رہا ہے۔