سکھر(بیورورپورٹ)مجلس وحدت مسلمین (MWM) پاکستان کے صوبائی رہنما چوہدری اظہر حسن اور ضلعی صدر محسن سجاد اتراء ایڈووکیٹ نے کراچی کے
سکھر(بیورورپورٹ)مجلس وحدت مسلمین (MWM) پاکستان کے صوبائی رہنما چوہدری اظہر حسن اور ضلعی صدر محسن سجاد اتراء ایڈووکیٹ نے کراچی کے معروف تجارتی مرکز گل پلازہ میں ہونے والی ہولناک آتشزدگی پر گہرے رنج و غم اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سانحے کے نتیجے میں تاجروں کو کروڑوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا، جو ایک انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت واقعہ ہے۔اپنے مشترکہ بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ گل پلازہ میں پیش آنے والا واقعہ محض ایک حادثہ نہیں بلکہ انتظامیہ کی غفلت اور مجرمانہ لاپرواہی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے آتشزدگی کی وجوہات اور امدادی کارروائیوں میں تاخیر پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں بھی فائر بریگیڈ کے پاس جدید آلات اور تربیت یافتہ عملے کی شدید کمی ہے، جس کے باعث آگ پر بروقت قابو نہیں پایا جا سکا۔چوہدری اظہر حسن نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں تجاوزات اور بدترین ٹریفک جام امدادی کارروائیوں میں سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ جب تک سڑکوں سے غیر قانونی قبضے ختم نہیں کیے جائیں گے، فائر ٹینڈرز اور ایمبولینسز کا بروقت جائے وقوعہ پر پہنچنا ممکن نہیں ہو سکے گا، جس کے نتیجے میں قیمتی جانیں اور املاک ضائع ہوتی رہیں گی۔محسن سجاد اتراء ایڈووکیٹ نے اس موقع پر اس امر پر زور دیا کہ معاشرے میں فائر سیفٹی، اسکاؤٹنگ اور رضاکارانہ تربیت کے رجحان کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عام شہریوں اور دکانداروں کو آگ بجھانے کی بنیادی تربیت فراہم کی جائے تو ابتدائی مرحلے میں ہی بڑے نقصانات سے بچا جا سکتا ہے۔انہوں نے کراچی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے سکھر کی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ سکھر شہر میں بھی حالات مختلف نہیں ہیں۔ یہاں گنجان آباد تجارتی مراکز، تنگ گلیاں، تجاوزات کی بھرمار اور فائر بریگیڈ کی ناکافی سہولیات کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بن سکتی ہیں۔ سکھر میں بھی آگ بجھانے کے لیے نہ تو مؤثر منصوبہ بندی موجود ہے اور نہ ہی جدید آلات اور مطلوبہ تربیت یافتہ عملہ دستیاب ہے۔مجلس وحدت مسلمین کے رہنماؤں نے حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا کہ کراچی اور سکھر سمیت سندھ کے تمام بڑے شہروں میں فائر فائٹنگ نظام کو فوری طور پر جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ تجارتی مراکز میں ہنگامی اخراج کے راستوں اور فائر سیفٹی آلات کی موجودگی کو لازمی قرار دیا جائے، جبکہ اسکاؤٹنگ اور رضاکار فورسز کو دوبارہ فعال کیا جائے تاکہ ہنگامی حالات میں عوام مؤثر کردار ادا کر سکیں۔بیان کے اختتام پر انہوں نے گل پلازہ کے متاثرہ تاجروں اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فوری مالی امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ متاثرین کو اس ناقابلِ تلافی نقصان پر صبرِ جمیل عطا فرمائے اور متعلقہ اداروں کو اپنی ذمہ داریاں دیانتداری سے ادا کرنے کی توفیق دے۔