November 17, 2026

کھاروڑو سید میں سندھ کے درخشاں سیاستدان مرحوم سید علی مردان شاہ کی چھٹی برسی، عقیدت و احترام کا والہانہ اظہار

IMG-20260120-WA0131

کھاروڑو سید میں سندھ کے درخشاں سیاستدان مرحوم سید علی مردان شاہ کی چھٹی برسی، عقیدت و احترام کا والہانہ اظہار

عمرکوٹ (نامہ نگار) سندھ کے کہنہ مشق سیاستدان، سابق صوبائی وزیر، چھ مرتبہ رکنِ سندھ اسمبلی اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وفادار ساتھی مرحوم الحاج سید علی مردان شاہ کی چھٹی برسی کھاروڑو سید میں عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی۔ اس موقع پر درگاہ کھاروڑو سید میں واقع مرحوم کی مزار پر پھولوں کی چادریں چڑھائی گئیں، پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ ملک و قوم کی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ برسی کی مرکزی تقریب میں پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان رہنما اور رکنِ سندھ اسمبلی سید امیر علی شاہ، ان کے کزن نامور سیاسی و سماجی شخصیت سید سکندر علی شاہ، ضلع بھر سے پارٹی رہنماؤں، کارکنوں، سماجی شخصیات اور مختلف برادریوں کے معززین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ عمرکوٹ سے خاصخیلی برادری کے وفد ممتاز علی خاصخيلی، رضوان علی خاصخيلی، امير بخش رحيمدانی، عادل حيسن رحيمدانی، محمد حسن رحيمدانی، اختيار علی خاصخيلی، سجاد علی خاصخيلی، غلام رسول خاصخيلی و دیگر نے معروف سماجی شخصیت و اسپورٹس مین رسول بخش رحیمدانی کی قیادت میں مزار پر حاضری دی، چادریں چڑھائیں اور مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے دعائیں کیں۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایم پی اے سید امیر علی شاہ نے کہا کہ وہ اپنے والد مرحوم کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے سیاست کو عبادت سمجھ کر عوام کی بے لوث خدمت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں سیاست ورثے میں ملی ہے اور وہ اس امانت کو دیانت، محنت اور عوامی خدمت کے ذریعے نبھانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ نامور سیاسی و سماجی شخصیت سید سکندر علی شاہ نے کہا کہ مرحوم حاجی سید علی مردان شاہ صرف ایک سیاستدان نہیں بلکہ عوام کے سچے خیرخواہ اور کمزوروں کے محافظ تھے۔ آج ان کی برسی پر عوام کا جمِ غفیر اس بات کا ثبوت ہے کہ سائیں سے لوگوں کا رشتہ محض سیاست کا نہیں بلکہ محبت اور عقیدت کا تھا۔ رسول بخش رحیمدانی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم سید علی مردان شاہ سیاست کے بادشاہ تھے، جو اپنے کارکنوں، دوستوں اور عوام کو ساتھ لے کر چلتے تھے۔ انہوں نے دعا کی کہ ان کے صاحبزادے سید امیر علی شاہ عوامی خدمت کے مشن کو مزید آگے بڑھائیں، جو آج کل عمرکوٹ اور تھر کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے متحرک نظر آتے ہیں۔برسی کے بعد کھاروڑو سید امیر علی شاہ ہاؤس پر آئے ہوئے معززین اور عوام سے ملاقاتیں کی گئیں، جہاں مرحوم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کئی افراد مرحوم کو یاد کر کے آبدیدہ ہوگئے۔ تقریب میں ضلع کونسل عمرکوٹ کے وائس چیئرمین میاں پیر محمد ولہاری، پاکستان پیپلز پارٹی ضلع عمرکوٹ کے نائب صدر برہان الدین کنبھر، مختلف برادریوں کے عمائدین، سماجی رہنما، کارکنان اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آخر میں ملک، دھرتی اور عوام کی خوشحالی، امن و سلامتی کے لیے اجتماعی دعا کی گئی۔