November 17, 2026

ڈی ای او خوشاب فیض الحسن ملک: تعلیمی خدمت کا اعتراف اور سندِ امتیاز کا اعزاز خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

IMG-20260117-WA0233(1)

ڈی ای او خوشاب فیض الحسن ملک: تعلیمی خدمت کا اعتراف اور سندِ امتیاز کا اعزاز

خصوصی تحریر: راجہ نورالہی عاطف

کسی بھی معاشرے کی ترقی و استحکام میں تعلیم بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے اور اس شعبے میں مخلص، دیانت دار اور وژن رکھنے والی شخصیات ہی قوموں کے مستقبل کو روشن بناتی ہیں۔ ضلع خوشاب کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ڈی ای او) ایلیمنٹری سکولز جناب فیض الحسن ملک کا نام بھی انہی درخشاں شخصیات میں شامل ہے ۔جنہوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، انتھک محنت اور غیر متزلزل عزم کے ذریعے تعلیمی میدان میں نمایاں خدمات سرانجام دیں۔
ایکس سی ای او ایجوکیشن خوشاب رانا شبیر احمد صابری اور سی ای او ایجوکیشن عیسی ا لالی کی جانب سے جوہرآباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران فیض الحسن ملک کو سندِ امتیاز سے نوازا جانا درحقیقت ان کی بے لوث خدمات کا بھرپور اعتراف ہے۔ یہ اعزاز نہ صرف ان کی ذاتی محنت کا ثمر ہے بلکہ ضلع خوشاب میں تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کی واضح دلیل بھی ہے۔ ان کی قیادت میں سرکاری اسکولوں کے تعلیمی معیار میں بہتری، اساتذہ کرام کی پیشہ ورانہ تربیت، طلبہ کی حاضری میں اضافہ اور تعلیمی نظم و ضبط کے قیام جیسے اہم اہداف کامیابی سے حاصل کیے جارہے ہیں۔
جناب فیض الحسن ملک نے تعلیم کو محض سرکاری ذمہ داری نہیں بلکہ ایک قومی فریضہ سمجھ کر نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے تعلیمی اداروں پر خصوصی توجہ دی، بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا اور اساتذہ و طلبہ کے درمیان اعتماد اور حوصلہ افزائی کی فضا قائم کی۔ یہی وجہ ہے کہ آج ضلع خوشاب کے تعلیمی حلقوں میں ان کا نام احترام اور قدر کی نگاہ سے لیا جاتا ہے۔جناب فیض الحسن ملک کی مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کے سربراہ کی حیثیت سے بھی محکمہ ءتعلیم ضلع خوشاب کے لیے گرانقدر خدمات ہیں۔
سندِ امتیاز جیسے اعلیٰ سول اعزاز کا حصول اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نیت صاف اور مقصد بلند ہو تو محدود وسائل کے باوجود بھی غیر معمولی نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔ جناب فیض الحسن ملک کا یہ اعزاز نوجوان افسران، اساتذہ کرام اور تعلیمی منتظمین کے لیے ایک روشن مثال ہے کہ محنت، دیانت اور خلوص کو کبھی نظرانداز نہیں کیا جاتا۔
آخر میں یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ محکمہ ء تعلیم ضلع خوشاب کے سرمایہء افتخار جناب فیض الحسن ملک کو ملنے والی سندِ امتیاز دراصل پورے ضلع خوشاب کے تعلیمی نظام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ دعا ہے کہ موصوف آئندہ بھی اسی جذبے اور لگن کے ساتھ قوم کے مستقبل، یعنی نونہالان وطن کی ہمہ جہتی تعلیم و تربیت کے لیے اپنی خدمات جاری رکھیں اور مزید کامیابیاں سمیٹیں۔ آمین