ہم امریکی ملکیت قبول نہیں کریں گے، گرین لینڈ کا دوٹوک مؤقف
ہم امریکی ملکیت قبول نہیں کریں گے، گرین لینڈ کا دوٹوک مؤقف
گرین لینڈ ایک خودمختار خطہ ہے اور اس کی حیثیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔گرین لینڈ وزیر خارجہ
واشنگٹن(نمائندہ فضل خان)گلوبل ٹائمز میڈیا یورپ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر گرین لینڈ سے متعلق بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا کو گرین لینڈ کی ضرورت ہے اور اس معاملے پر آگے دیکھیں گے کہ کیا پیش رفت ہوتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور ڈنمارک کے درمیان تعلقات اچھے ہیں، تاہم گرین لینڈ کے معاملے پر امریکی مفادات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے پینٹاگون کے ایک کنٹریکٹر کی گرفتاری کا بھی ذکر کیا، جنہیں وینزویلا میں آپریشن سے متعلق خفیہ معلومات لیک کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔ امریکی صدر نے کہا کہ قومی سلامتی سے متعلق معاملات پر کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔دوسری جانب گرین لینڈ نے امریکی ملکیت بننے کے امکان کو واضح طور پر مسترد کر دیا ہے۔ گرین لینڈ اور ڈنمارک کے وزرائے خارجہ نے واشنگٹن میں امریکی حکام سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔گرین لینڈ کے وزیر خارجہ نے اس موقع پر کہا کہ وہ امریکا کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینا چاہتے ہیں، تاہم گرین لینڈ کسی صورت امریکی ملکیت بننے پر آمادہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرین لینڈ ایک خودمختار خطہ ہے اور اس کی حیثیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔سیاسی مبصرین کے مطابق گرین لینڈ اپنی جغرافیائی اہمیت اور قدرتی وسائل کے باعث عالمی طاقتوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے، تاہم ڈنمارک اور گرین لینڈ کی قیادت امریکا کے کسی بھی ممکنہ دباؤ کے مقابلے میں اپنے مؤقف پر قائم دکھائی دیتی ہے۔