November 17, 2026

سامارو تعلقہ اسپتال لاوارث، ذمہ دار کون؟ رپورٹ (ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف) سامارو تعلقہ اسپتال اس وقت انتہائی تشویشناک

IMG-20260113-WA0201

سامارو تعلقہ اسپتال لاوارث، ذمہ دار کون؟
رپورٹ (ڈاکٹر ایم لال واگھانی بیوروچیف)
سامارو تعلقہ اسپتال اس وقت انتہائی تشویشناک صورتحال سے دوچار ہے۔ یہ بات واضح کرنا ضروری ہے کہ اسپتال میں تعینات ڈاکٹر جیوراج کی جانب سے کسی قسم کی کوتاہی نہیں ہے۔ جب کہ ایم ایس ڈاکٹر جیوراج اپنی ذمہ داریاں پوری دیانت داری اور احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں، لیکن افسوس کہ ایک فرد اکیلا نظام کی ناکامی کا بوجھ نہیں اٹھا سکتا۔
اصل مسئلہ یہ ہے کہ اسپتال میں ڈاکٹروں کی شدید کمی ہے، جدید مشینری ناپید ہے، عمارت خستہ حال ہو چکی ہے، اور مریضوں کے لیے سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ جو معمولی بجٹ مختص کیا جاتا ہے، اس میں سے بھی حصے لگ جانے کی شکایات زبانِ عام ہیں۔ سوال یہ ہے کہ غریب عوام کے علاج کے نام پر آنے والا پیسہ آخر کہاں جا رہا ہے؟
کئی دنوں سے ہم اور ہمارے دوست سوشل میڈیا پر اس سنگین مسئلے کی نشاندہی کر رہے ہیں، مگر افسوس کہ نہ انتظامیہ نے کان دھرے اور نہ ہی ہمارے علاقے کے منتخب نمائندوں کو یہ آواز سنائی دی۔ کیا غریب کی بیماری، اس کی تکلیف اور اس کی جان کی کوئی اہمیت نہیں؟
ہم سامارو شہر کی تمام سیاسی، سماجی اور بااثر شخصیات سے پُرزور اپیل کرتے ہیں کہ خدارا اسپتال کے حق میں بھی آواز بلند کریں۔ یہ اسپتال کسی ایک فرد یا جماعت کا نہیں، بلکہ پورے شہر اور آس پاس کے دیہات کے غریب عوام کی امید ہے۔
اگر آج آواز نہ اٹھائی گئی تو کل یہ لاپرواہی کسی کی جان بھی لے سکتی ہے۔
اب بھی وقت ہے—سامارو تعلقہ اسپتال کو اس کا حق دلایا جائے۔