سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے ) دنیا میں ترقی کا راستہ تعلیم کے بل بوتے پر ہی ہموار ہوتا ہے۔
سرگودھا(راجہ نورالہی عاطف سے ) دنیا میں ترقی کا راستہ تعلیم کے بل بوتے پر ہی ہموار ہوتا ہے۔ اساتذہ کرام قومی زندگی میں شعور بیدار کرنے کے لیے اپنا فرض ادا کریں ۔اساتذہ کرام ایک روشنی کی مانند ہیں جو اپنے کردار و عمل سے صحیح سمت پر گامزن ہو سکتے ہیں ۔پاکستان کے نوجوان صلاحیتوں کے اعتبار سے بڑے فعال ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ممتاز ماہر تعلیم ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے سکول آف سرگودھا میں منعقدہ اساتذہ کرام کی ایک ورک شاپ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ۔قبل ازیں پروفیسر وزیر حیدر اور دیگر نے بھی اسی موضوع پر گفتگو کی ۔ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے مزید کہا کہ دنیا ترقی کی منازل طے کر رہی ہے۔ ہمیں ترقی یافتہ ممالک کی صف میں آنے کے لیے نسل نو کی تربیت کرنا ہوگی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان کا وقار بلند ہو رہا ہے۔ عسکری ترقی نے دنیا کو متحیر کر دیا ہے۔ پوری قوم کو پاکستان پر فخر کرنا چاہیے۔ ہمارے تعلیمی ادارے بہترین طالب علم مہیا کر سکتے ہیں۔ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم کمرہ جماعت کو تربیت گاہ بنائیں۔ ٹیچرز کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے ڈاکٹر ہارون الرشید تبسم نے کہا کہ مطالعہ کتب کسی بھی استاد کے لیے ایک پیرہن ہے۔ اچھی کتابیں اور اچھے اساتذہ کرام نوجوانوں کو اقبال کا شاہین بنا سکتے ہیں۔